لاہورہائیکورٹ نے کنٹونمنٹ بورڈ ز میں بلدیا تی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کروانے کا حکم دے دیا

پیر 30 مارچ 2015 16:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء) لاہورہائیکورٹ نے تحر یک انصاف کی درخواست پر پنجاب بھر کے کنٹونمنٹ بورڈ ز میں بلدیا تی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کروانے کا حکم دے دیا۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں غیر جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کیخلاف درخواست دائر کر رکھی تھی جس میں موقف اپنایا گیا کہ غیر جماعتی بنیاد پر بلدیاتی انتخابات آئین کے آرٹیکل 25کی خلاف ورزی ہے اس لیے غیر جماعتی بنیادوں پر انتخابات کو کالعدم قرار دیاجائے ۔

(جاری ہے)

عدالت کے فاضل جج جسٹس سید منصور شاہ نے کیس کی سماعت کے دوران تمام دلائل سننے کے بعد غیر جماعتی بنیادوں پر انتخابات کو کالعدم قرار دیتے ہوئے حکم دیا کہ تمام کنٹونمنٹ بورڈ ز میں جماعتی بنیادوں پر انتخابات کروائے جائیں ۔عدالت کے فاضل جج نے ریماکس دےئے کہ اگر غیر جماعتی بنیادوں پر الیکشن ہو گا تو حکومت کیسے قائم ہو گی ؟اور غیر جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کروانا آئین کے آرٹیکل25کی بھی خلاف وزری ہے اس لیے کنٹونمنٹ بورڈ ز میں بھی جماعتی بنیادوں پر انتخابات کروائے جائیں۔