ایٹمی بجلی کے منصوبوں کے ٹو اور کے تھری کی تکمیل میں تاخیر ناقابل برداشت ہو گی، متعلقہ سرکاری محکمے و ادارے فعال کردار ادا کریں، منصوبوں سے عوام کیلئے سستی بجلی حاصل ہو گی‘ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا اجلاس سے خطاب

پیر 30 مارچ 2015 16:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ایٹمی بجلی کے منصوبوں کے ٹو اور کے تھری کی تکمیل میں تاخیر ناقابل برداشت ہو گی، تمام متعلقہ سرکاری محکمے و ادارے فعال کردار ادا کریں، مذکورہ منصوبوں سے عوام کیلئے سستی بجلی حاصل ہو گی۔ وہ پیر کو یہاں کے ٹو اور کے تھری جوہری توانائی کے منصوبے پر کام کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

قبل اس کے سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن سلیم سیٹھی نے شرکاء کو مذکورہ منصوبوں پر کام کی رفتار بارے بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ منصوبوں کی موثر انداز میں مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جبکہ اس حوالے سے اقتصادی امور ڈویژن اور پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے مابین مثالی رابطہ موجود ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر خزانہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جوہری توانائی کے دونوں منصوبے پاکستان کیلئے نہایت اہم ہیں جبکہ کے ٹو اور کے تھری ایٹمی بجلی گھروں کی تکمیل میں کسی قسم کی تاخیر ناقابل برداشت ہو گی کیونکہ ان منصوبوں سے عوام کو سستی بجلی میسر آئے گی۔

انہوں نے تمام متعلقہ سرکاری محکموں و اداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ مذکورہ منصوبوں کی تکمیل کیلئے فعال کردار ادا کریں۔ واضح رہے کہ دونوں منصوبے پاک چین انرجی کوریڈور کا حصہ ہیں اور ایگزم بینک آف چائنہ کے مالی تعاون سے مکمل کئے جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :