Live Updates

میرپور کے ضمنی انتخاب میں نواز، زرداری مفاہمت یا مک مکا، پی ٹی آئی اور بیرسٹر سلطان محمود کیلئے باعث رحمت بن گیا

پیر 30 مارچ 2015 14:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء) الٹی پڑ گئیں سب تدبیریں کہ مصداق،میرپور کے ضمنی انتخاب میں نواز، زرداری مفاہمت یا مک مکا، پی ٹی آئی اور بیرسٹر سلطان محمود کیلئے باعث رحمت بن گیا، ارشد غازی کو زبردستی پی پی پی کے چوہدری اشرف کے حق میں دست بردار کرانے کے متنازعہ فیصلے پر لیگی ووٹرز نے اپنا وزن پی ٹی آئی کے امیدوار کے پلڑے میں ڈال کر بیرسٹر سلطان کی کامیابی کی راہ ہموار کی، مسلم لیگ(ن)آزاد کشمیر شدید اندرونی خلفشار اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار، سکندر حیات کے نواز زرداری مفاہمت کے خلاف بیانات نے مسلم کانفرنس کے دوبارہ اضیائکی خواہش رکھنے والوں کی امیدیں پھر سے ہری کر دیں۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ(ن) کی مرکزی قیادت بالخصوص وزیراعظم نواز شریف گزشتہ عام انتخابات کے بعد 29مارچ کو میرپور میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں دوسری بار بیرسٹر سلطان محمود کی کامیابی کا ذریعہ یا سبب بن گئے۔

(جاری ہے)

2011ء کے عام انتخابات میں (ن) لیگ نے اس حلقے سے ارشد غازی کو پی پی پی کے بیرسٹر سلطان محمود اور مسلم کانفرنس کے چوہدری اشرف کے خلاف اپنا امیدوار نامزد کیا تھا لیکن لارڈ نذیر احمد اور چوہدری محمد سرور کے دباؤ پر نواز شریف نے آزاد کشمیر کی انتخابی مہم کے دوران بیرسٹر سلطان کے خلاف حلقے میں اپنا انتخابی جلسہ آخری وقت پر ملتوی کر دیا تھا، جس پر ناراض ارشد غازی نے مشتعل ہو کر الیکشن لڑنے سے انکار کر دیا تھا، ارشد غازی کے الیکشن نہ لڑنے سے حلقے کے نان جاٹ ووٹوں کی اکثریت بیرسٹر کیمپ میں چلی گئی، جس سے بیرسٹر مسلم کانفرنس امیدوار چوہدری اشرف سے بازی جیتنے میں کامیاب رہے تھے، اب ایک بار پھر نواز شریف کی جانب سے ارشد غازی کو مسلم کانفرنس چھوڑ کر پی پی پی جوائن کرنے والے چوہدری اشرف کے حق میں آخری وقت میں دست بردار کرانے کا فیصلہ بیرسٹر سلطان کے لئے ابر رحمت بن کر برسا اور وہ آخری وقت غیر یقینی صورتحال سے کامیابی کی منزل تک پہنچنے میں کامیاب رہے کیونکہ 5سے 8ہزار ووٹ حاصل کرنے کی سکت رکھنے والے ارشد غازی کے مقابلے سے آؤٹ ہونے پر مسلم لیگ(ن) نواز کے مرکزی نائب صدر سردار سکندر حیت سمیت نظریاتی کارکنوں کی اکثریت نے اپنی نظریاتی حریف پی پی پی کے امیدواروں کی حمایت کرنے سے انکار کردیا اور قیادت کے فیصلے کو علی الاعلان بیرسٹر سلطان کو ووٹ دیتے ہوئے بیرسٹر کی طوفانی لہروں میں ڈولتی کشتی کامیابی کے ساتھ ساحل پر لنگر اندوز ہو گئی، اگرچہ عمران خان اور پی ٹی آئی کے دیگر قائدین نواز زرداری مفاہمت کو مک مکا قرار دے کر اس پر شدید تنقید کرتے رہتے ہیں لیکن حقیقت میں آزاد کشمیر میں یہ مک مکا سونامی کی شاندار انٹری کا باعث بن گیا، اس لئے پی ٹی آئی کو اب تنقید کی بجائے نواز زرداری مفاہمت کے فروغ کی دعائیں کرنی چاہیئیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :