دہشتگردی کیخلاف 81 ہزار سے زائد پاکستانی جاں بحق ہوئے

طبعیات دانوں کی نوبل انعام یافتہ بین الاقوامی تحقیقی رپورٹ میں انکشاف

پیر 30 مارچ 2015 14:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء) طبعیات دانوں کی نوبل انعام یافتہ بین الاقوامی تحقیقی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں اب تک 81 ہزار سے زائد پاکستانی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔ 2003 کے آخر سے 2004 تک 48 ہزار 504 سویلین، 5 ہزار 498 سیکیورٹی فورسز کے اہلکار، 45 صحافی شہید جبکہ ڈرون حملوں سے 416 سے 951 تک افراد اور مختلف کارروائیوں میں 26 ہزار 862 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہا گیا کہ ایک عشرے سے امریکا کی قیادت میں جاری جنگ کے نتیجے میں افغانستان، پاکستان اور عراق میں بالواسطہ یا بلاواسطہ طور پر 13 لاکھ افراد مارے جاچکے ہیں۔ 10 لاکھ افراد عراق میں جبکہ 2 لاکھ 20 ہزار افغانستان میں مارے گئے۔ تحقیقی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ اعدادوشمار قبل ازیں بتائی گئی تعداد سے 10 گنا زیادہ ہیں۔ یہ بھی خدشہ ہے کہ ہلاکتوں کی اصل تعداد 20 لاکھ سے زیادہ ہو۔