صنعاء میں پاکستانی سفارتخانہ بند، سینکڑوں پاکستانی پھنس گئے ، باغیوں کے ناکے ، کھانے پینے کی اشیاء کی قلت

پیر 30 مارچ 2015 14:32

کراچی/اسلام آباد/صنعاء (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء) یمن میں پانچویں روز بھی سعودی عرب اور اتحادیوں کے فضائی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ حوثی باغیوں نے زمین پر قبضہ کرکے ہرآنے جانیوالے قافلے ، گاڑی کی تلاشی لیناشروع کررکھی ہے جس کی وجہ سے صنعاء میں موجود سینکڑوں پاکستانی پھنس کر رہ گئے ہیں۔صنعاء کے ایک ہسپتال میں محصور پاکستانی محمد عثمان نے بتایاکہ صنعاء میں سفارتخانہ بند کرکے پاکستانی سفیر بھی واپس چلاگیاجس کے بعد یہاں پھنسے پاکستانیوں کا کوئی پرسان حال نہیں ، وہ اپنی رہائش گاہ یا کام کی جگہ پر محفوظ ہیں لیکن کھانے پینے کی چیزیں لینے کیلئے باہر نہیں جاسکتے ، خداکے واسطے حکومت پاکستان انخلاء کیلئے مدد کرے۔

ایک سوال کے جواب میں اْن کاکہناتھاکہ اْن کے ساتھ 30،40پاکستانی موجود ہیں جبکہ مجموعی طورپر یمن میں 70فیصد پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں ، صرف تیس فیصد پاکستانیوں کونکالاگیا۔

(جاری ہے)

عثمان نے بتایاکہ مقلاجانے کی ہدایت سے متعلق علم ہواہے لیکن صنعاء سے مقلاکا سفر 15گھنٹوں میں طے ہوتاہے ، جگہ جگہ باغیوں نے چوکیاں بنارکھی ہیں اور ہرگاڑی یا پیدل شخص کی مکمل تلاشی لیتے ہیں ،سڑک کے راستے جاناممکن نہیں ، کئی لوگوں کے پکڑے جانے کی بھی اطلاعات ہیں جنہیں پکڑکر باغی کام کرایاجارہاہے۔

اْن کاکہناتھاکہ اللہ حفاظت کرنیوالاہے ، جمعرات کو ایک بھارتی طیارہ بھی صنعاء پہنچے گا، حکومت پاکستان کو بھی اپنے شہریوں کو نکالنے کیلئے صنعاء میں ہی طیارہ بھیجناچاہیے ،حکومت کو اپنی ذمہ داری پوری کرناچاہیے۔صنعاء میں ہی پھنسی نیلماعباس نے بتایاکہ بمباری اور فائرنگ کی وجہ سے مقلاجانا ممکن نہیں ، راستے میں مرنے کی بجائے اپنی رہائش پر مرنابہترہے ، سینکڑوں لوگ پھنسے ہوئے ہیں ، کئی لوگوں کے کفیلوں نے اْن کی دستاویزات اپنے قبضے میں لے رکھی ہیں جبکہ کچھ لوگوں کو قید کیے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔

اْنہوں نے بتایاکہ لوگوں کے پاس کھانے پینے کی اشیاء کی بھی قلت ہے،اگر کسی کے پاس پہلے سے ذخیرہ موجود تھا تو اس وقت ختم ہونے کے قریب ہے اور جان کے لالے پڑے ہوئے ہیں۔مشیر ہوابازی شجاعت عظیم کاکہناتھاکہ منگل کی صبح پاکستانیوں کولینے کے لیے دوسراطیارہ جائے گا۔ پہلے طیارے کے ذریعے پہنچنے والے پشاور کے شہری کاکہناتھاکہ صنعاء اور عدن میں زیادہ حالات خراب ہیں جہاں شہریوں کی زندگی کو سنگین خطرات لا حق ہیں۔