انتخابی اصلاحات کے عمل کو تیز کیا جائے ‘اپوزیشن لیڈر کا جو ڈیشل کمیشن بنانے پر وزیر اعظم کے نام خط

پیر 30 مارچ 2015 14:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء) قومی اسمبلی میں ا پوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے وزیر اعظم نواز شریف کو جو ڈیشل کمیشن بنانے پر مبارکباد دیتے ہوئے زور دیا ہے کہ انتخابی اصلاحات کے عمل کو تیز کیا جائے ‘ دھرنے کے خاتمے کے بعد حکومت کی انتخابی اصلاحات پر توجہ کم ہوتی نظر آرہی ہے ‘ جلد سے جلد انتخابی اصلاحات کے عمل کو مشاورت کے ساتھ مکمل کیا جائے ‘پہلے ہی دن سے محاذ آرائی کی سیاست کو مسترد کر چکے ہیں ‘ غیر سیاسی رویہ اور غیر جمہوری اقدام کسی طورپر ملک اور قوم کے مفاد میں نہیں ‘ ہمیں اکٹھے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے ‘انتخابی اصلاحات کو موثر اور جامع بنانے کیلئے آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے ۔

(جاری ہے)

پیر کو وزیر اعظم کے نام لکھے گئے خط میں اپوزیشن لیڈرسید خورشید شاہ نے کہاکہ میں آپ کو جو ڈیشل کمیشن بنانے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں آپ کا یہ اقدام خوش آئند اور ملک کے مفاد میں ہے انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے پہلے دن سے ہی محاذ آرائی کی سیاست کو رد کیا ہے اور مفاہمتی پالیسی کو اپنایا ہے اور اپنے عمل سے اس بات کو ثابت بھی کیا ہے کہ غیر سیاسی رویہ اور غیر جمہوری اقدام کسی طورپر ملک اور قوم کے مفاد میں نہیں ہے انہوں نے کہاکہ تشویش کی بات یہ ہے کہ جب سے دھرنا ختم ہوا ہے حکومت کی انتخابی اصلاحات پر توجہ کم ہوتی نظر آرہی ہے حالانکہ انتخابی اصلاحات وقت کی اہم ترین ضرورت ہیں اور اس بات کی شدید ضرورت ہے کہ جلد سے جلد اس عمل کو ملکر اور مشاورت کے ساتھ مکمل کیا جائے تاکہ ملک میں جمہوریت اور جمہوری روایت کو مضبوط سے مضبوط تر کیا جاسکے ورنہ عوام یہ سوچنے پر مجبور ہو جائیں گے کہ حکومت کبھی بھی انتخابی اصلاحات میں سنجیدہ نہیں اپوزیشن لیڈ ر نے کہا کہ اس لئے میں اس بات پر بار بار زور دے رہا ہوں کہ حکومت انتخابی اصلاحات پر بھرپور توجہ دے اور اس کیلئے جوپارلیمانی کمیٹی بنائی گئی ہے وہ بھی جلد سے جلد اپنی سفارشات پیش کر ے تاکہ اس پر قانون سازی کی جاسکے اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ میری یہ بھی تجویز ہے کہ انتخابی اصلاحات کو موثر اور جامع بنانے کیلئے آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے تاکہ ملک میں صفاف اور شفاف انتخابی عمل کو یقینی بنایا جاسکے اور انتخاب کے حوالے سے اٹھنے والے شکوک و شبہات کو ہمیشہ کیلئے ختم کیا جاسکے انہوں نے کہاکہ میں اس بات کو شدت سے محسوس کرتا ہوں کہ ہمیں اکٹھے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے تاکہ ملک میں استحکام اور ترقی لائی جاسکے اور پارلیمنٹ اور جمہوریت کی بالادستی کو یقینی بنایا جاسکے ۔