ویگن سٹاپ کوٹلی ستیاں میں جنگلات کی سرکاری اراضی پرغیر قانونی قائم کی گئی 21دکانیں مسمار

پیر 30 مارچ 2015 14:03

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء)کنزرویٹر فارسٹ راولپنڈی ڈویژن افتخار احمد قریشی نے کہا ہے کہ محکمہ جنگلات پنجاب راولپنڈی ڈویژن نے ویگن سٹاپ کوٹلی ستیاں میں جنگلات کی سرکاری اراضی پرغیر قانونی قائم کی گئی 21دکانیں مسمار کر کے سرکاری اراضی واگذار کرا لی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جنگلات کی غیر قانونی کٹائی اور جنگلات کی اراضی پر قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور جس علاقے سے اس قسم کی شکایت ملی تو متعلقہ ڈی ایف او کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔

کنزرویٹر فارسٹ نے بتایا کہ اراضی واگذاری کی کارروائی پر ناجائز قابضین نے افواہوں کا بازار گرم کر رکھا ہے اور میڈیا کو غلط اطلاعات فراہم کی جارہی ہیں ۔کنزرویٹر فارسٹ راولپنڈی ڈویژن افتخار احمد قریشی نے کہا کہ محکمہ جنگلات پنجاب نے سرکاری اراضی پر قابض مافیا کے خلاف کارروائی تیز کر دی ہے اور اس ضمن میں کسی بھی قسم کا دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ڈی ایف او راولپنڈی نارتھ افتخار الحسن فاروقی نے کہا کہ محکمہ جنگلات درختوں کی غیر قانونی کٹائی روکنے کے لیے سخت اقدامات کر رہا ہے اور محکمہ کا عملہ ہمہ وقت جنگلات کی نگرانی پر مامور ہے ۔انہوں نے بتایا کہ وہ ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کی رپورٹس چیک کرنے کے ساتھ ساتھ جنگلات کا باقاعدگی سے وزٹ کرتے ہیں اور درختوں کی چوری کی اطلاعات پر اپنی ٹیم کے ہمراہ چھاپہ مار کارروائیاں بھی کرتے ہیں ۔