Live Updates

عمران خان ہرجانہ کیس، بابر اعوان کی عدالتی حکم میں ترمیم کی دائر درخواست سما عت کے لئے منظور

پیر 30 مارچ 2015 13:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد تنویر میر کی عدالت میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کیخلاف سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی جانب سے ہرجانہ کیس میں ڈاکٹر بابر اعوان کی جانب سے عدالتی حکم میں ترمیم کی دائر درخواست سما عت کے لئے منظور کرلی ۔ گزشتہ روز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد تنویر میر کی عدالت میں سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی جانب سے شیخ احسن الدین ایڈووکیٹ اور توفیق آصف ایڈووکیٹ جبکہ تحریک انصاف کے سربراہ کی جانب سے شاہ خاور بخاری ایڈووکیٹ اور غلام فاروق اعوان ایڈووکیٹ پیش ہوئے ڈاکٹر بابر اعوان کی عدم پیشی کے باعث ان کے وکالت نامے پر اعتراضات کی درخواست پر بحث نہ ہوسکی جبکہ ڈاکٹر بابر اعوان کی جانب سے چودہ مارچ کو ہونے والے حکم میں ترمیم کی درخواست کو منظور کرلیا ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ چودہ مارچ کے عدالتی حکم میں بابر اعوان ایڈووکیٹ کی حاضری اور موقف کے حوالے سے کوئی ذکر نہیں تھا جس پر گزشتہ سماعت پر ڈاکٹر بابر اعوان ایڈووکیٹ نے دفعہ 152 سول پروسیجر کے تحت عدالتی حکم میں ترمیم کی درخواست دائر کی تھی فاضل جج نے درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت آج منگل تک کے لئے ملتوی کردی ۔ بعد ازاں عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ احسن الدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ سمجھ نہیں آرہی کہ ڈاکٹر بابر اعوان عدالت کیوں نہیں آتے یارکر گیندوں سے ہماری وکٹیں گرانے کی باتیں کرنے والے خود میچ ہار چکے ہیں میڈیا پر بلند و بانگ دعوے کرنے والے عدالتوں کا سامنا کرنے سے کیوں گھبراتے ہیں جبکہ شاہ خاور بخاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری فتوحات کا آغاز ہوچکا ہے درخواست کی منظوری ہماری پہلی فتح ہے یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی نوعیت کا مقدمہ ہے جس میں کسی وکیل کو وکالت سے روکا جارہا ہے ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :