Live Updates

عمران خان پاکستان میں سرمایہ کاری نہیں چاہتے ، غیر ریاستی عناصر کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہیے، سعودی عرب کی خود مختاری اور تحفظ کیلئے ہر وقت تیار ہیں،کسی دوسرے ملک کی جنگ میں حصہ نہیں لیں گے، ہم مشرق وسطی میں امن کے خواہاں ہیں، یمن میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی اولین ترجیح ہے، سیاست سے گولی کلچر اور عسکری ونگز کو ختم کرنا چاہتے ہیں، کسی سیاسی پارٹی کے خلاف نہیں، اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائی ہو، جمہوریت کو اسلحے اور تشدد سے پاک دیکھنا چاہتے ہیں، نوجوانوں کو ینگ ڈویلپمنٹ فیلوز پروگرام کے تحت سکالر شپس دے رہے ہیں

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کانومین فاؤنڈیشن، قائد اعظم یونیورسٹی کے زیر اہتمام کانفرنس سے خطاب، میڈیا سے گفتگو

پیر 30 مارچ 2015 12:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان پاکستان میں سرمایہ کاری نہیں چاہتے ، غیر ریاستی عناصر کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہیے، سعودی عرب کی خود مختاری اور تحفظ کیلئے ہر وقت تیار ہیں،کسی دوسرے ملک کی جنگ میں حصہ نہیں لیں گے، ہم مشرق وسطی میں امن کے خواہاں ہیں، یمن میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی اولین ترجیح ہے، سیاست سے گولی کلچر اور عسکری ونگز کو ختم کرنا چاہتے ہیں، کسی سیاسی پارٹی کے خلاف نہیں، اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائی ہو، جمہوریت کو اسلحے اور تشدد سے پاک دیکھنا چاہتے ہیں، نوجوانوں کو ینگ ڈویلپمنٹ فیلوز پروگرام کے تحت سکالر شپس دے رہے ہیں۔

وہ پیر کو یہاں نومین فاؤنڈیشن اور قائد اعظم یونیورسٹی کے زیر اہتمام کانفرنس سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔

(جاری ہے)

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ استعداد کار بڑھانے کیلئے درست سمت اور رہنمائی ضروری ہے، نوجوان نسل کا ملکی ترقی میں اہم کردار ہے، نوجوان نسل ہماری آبادی کا سب سے بڑا حصہ ہے، نوجوانوں کو ینگ ڈویلپمنٹ فیلوزپروگرام کے تحت سکالر شپس دے رہے ہیں۔

کانفرنس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ کسی دوسرے ملک کی جنگ میں حصہ نہیں لیں گے، ہم تصادم میں گھسنا نہیں چاہتے لیکن سعودی عرب کی خود مختاری اور تحفظ کیلئے ہر وقت تیار ہیں، ہم خطے میں امن کیلئے دیگر ممالک کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، یمن بحران پر مثبت رول ادا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یمن میں مقیم پاکستانیوں کو بحفاظت وطن واپس پہنچانا اولین ترجیح ہے، وزیراعظم خود یمن سے پاکستانیوں کے انخلاء کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں، پاکستان اور سعودی عرب نے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا،حکومت سعودی عرب کی سلامتی پر آنچ نہیں آنے دے گی، یمن میں صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، محصور پاکستانیوں کے انخلاء کیلئے تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی، پاکستان یمن میں اپنی ذمہ داری پوری کرے گا۔

احسن اقبال نے کہا کہ دھرنے سے قبل ہی جوڈیشل کمیشن کیلئے سپریم کورٹ کو خط لکھ دیا تھا، عمران خان نے پی ٹی وی پر حملے پر خوشی کا اظہار کیا ، عمران خان نہیں چاہتے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری ہو، غیر ریاستی عناصر کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست سے گولی کلچر اور عسکری ونگز کو ختم کرنا چاہتے ہیں، ہم جمہوریت کو اسلحہ اور تشدد سے پاک دیکھنا چاہتے ہیں، کسی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی۔ الطاف حسین کی قیادت چھوڑنے یا نہ چھوڑنے کا فیصلہ متحدہ کا اندرونی معاملہ ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات