پاکستانی طیاروں کو سعودی عرب سے نوفلائی زون میں پرواز کی اجازت مل گئی ، یمن سے پاکستانیوں کے انخلاء کی کوششیں جاری ہیں، کراچی آپریشن ایک قرض تھا جو حکومت نے چکا دیا، پچھلی چار دہائیوں میں کرپشن کی وجہ سے ڈیم نہیں بن سکا، بہت جلد پاکستان میں پانی کے بحران کا خدشہ ہے، داسو ڈیم نہ بننے کی وجہ سے قوم کو 35ارب روپے کا نقصان ہوا

وزیر دفاع و پانی و بجلی خواجہ آصف کا ڈیموں کے حوالے سے سیمینار سے خطاب ومیڈیا سے گفتگو

پیر 30 مارچ 2015 12:44

پاکستانی طیاروں کو سعودی عرب سے نوفلائی زون میں پرواز کی اجازت مل گئی ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء) وزیر دفاع و پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستانی طیاروں کو سعودی عرب حکام سے نوفلائی زون میں پرواز کی اجازت مل گئی ہے، یمن سے پاکستانیوں کے انخلاء کی کوششیں جاری ہیں، کراچی آپریشن ایک قرض تھا جو حکومت نے چکا دیا، پچھلی چار دہائیوں میں کرپشن کی وجہ سے ڈیم نہیں بن سکا، جس کی وجہ سے بہت جلد پاکستان کو پانی کے بحران کا خدشہ ہے، داسو ڈیم نہ بننے کی وجہ سے قوم کو 35ارب روپے کا نقصان ہوا۔

وہ پیر کو یہاں ڈیموں کے حوالے سے سیمینار سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ نیلم جہلم منصوبہ وقت پر مکمل ہو گا، پانی کو ضائع کرنے سے بچا کر توانائی بحران پر قابو پایا جا سکتا ہے، پاکستان کو پانی کی قلت کا سامنا ہے، ملک میں کرپشن کی وجہ سے ڈیم نہیں بن سکا، داسو ڈیم نہ بننے کی وجہ سے قوم کو 35ارب کا نقصان اٹھانا پڑا،1500 میگا واٹ بجلی کا منصوبہ لگانے کیلئے 2بلین ڈالر درکار ہیں، ہمارے ہاں توانائی کا اصراف کیا جاتا ہے، مارکیٹیں وقت پر بند کرنے سے 1500میگاواٹ بجلی بچائی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

سیمینار میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ3ہزار سے زائد پاکستانی یمن میں کام کر رہے ہیں، شمن سے پاکستانیوں کا انخلاء شروع ہو چکا ہے، یمن میں پھنسے تمام پاکستانی جلد وطن واپس پہنچ جائیں گے، پاکستان کو یمن میں عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ ہمارے بڑے بھائی کی طرح مدد کی۔سعودی عرب کی سلامتی کو خطرہ ہوا تو دفاع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ضرب عضب اور کراچی آپریشن شروع کئے، کراچی آپریشن ایک قرض تھا جو حکومت نے چکا دیا۔