بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کیلئے مختص کردہ 97ارب روپے کے بجٹ کی تاحال بورڈ سے منظور ی نہ لی جا سکی

بجٹ کی منظوری میں جتنی بھی تاخیر ہو مستحقین کو رقم کی فراہمی میں کوئی خلل نہیں پڑیگا،حکام

پیر 30 مارچ 2015 12:05

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء ) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی)کے رواں مالی سا ل 2014.15کیلئے مختص کردہ 97ارب روپے کے بجٹ کی تقریبا نو ماہ (جولائی۔مارچ )گذر نے کے باوجود تاحال بورڈ سے منظور ی نہیں لی گئی تاہم بی آئی ایس پی حکام کا کہنا ہے کہ بجٹ کی بورڈ سے منظوری میں جتنی بھی تاخیر ہوجائے مستحقین کو رقم کی فراہمی میں کوئی خلل نہیں پڑیگا ،نئے مالی سال 2015-16کیلئے بی آئی ایس پی کا بجٹ 97ارب سے زیاد ہ ہوگا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ بی آئی ایس پی کے بور ڈ آ ف ڈائریکٹرز نے بی آئی ایس پی کے گزشتہ مالی سال 2013-14کے اصل اخراجات کی منظوری دے رکھی ہے مگر رواں مالی سال 2014-15کیلئے مقرر کردہ 97ارب روپے کے بجٹ کی منظوری ابھی تک نہیں لی گئی۔دوسری جانب بی آئی ایس پی کے اعلیٰ حکام نے بتایا کہ بی آئی ایس پی بجٹ کی بورڈ سے منظوری میں جتنی بھی تاخیر ہوجائے مستحقین کو رقم کی فراہمی وقت پر کریں گے ، رواں مالی سال کی تیسری سہہ ماہی(جنوری۔

(جاری ہے)

مارچ) کے عرصہ کیلئے مستحقین کو رقم کی فراہمی رواں ہفتے شروع ہوجائیگی، رواں مالی سال کے اختتام تک بی آئی ایس پی مستحقین کی تعداد موجودہ 48لاکھ سے بڑھا کر 50لاکھ کردی جائیگی ،نئے مالی سال کیلئے بی آئی ایس پی کا بجٹ 97ارب روپے سے زیادہ ہوگا تاہم مستحقین کیلئے ماہانہ 1500روپے کے وظیفے میں اضافے سے متعلق تاحال کوئی تجویز تیار نہیں کی گئی اور اس ضمن میں بی آئی ایس پی وزارت خزانہ کیساتھ اجلاس کے بعد کوئی تجویز تیار کرنے کی پوزیشن میں ہوگی

متعلقہ عنوان :