تھر میں موت کا رقص جاری‘ مٹھی میں غذائی قلت کے باعث دو بچے انتقال کرگئے

پیر 30 مارچ 2015 11:10

تھرپارکر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء) صحرائے تھر میں موت کا رقص جاری‘ سول ہسپتال مٹھی میں غذائی قلت کے باعث دو بچے انتقال کرگئے‘ رواں ماہ انتقال کرجانے والے بچوں کی تعداد 39 جبکہ رواں سال انتقال کرجانے والے بچوں کی تعداد 222ہوگئی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پیر کو سول ہسپتال مٹھی میں غذائی قلت کا شکار مزید دو ننھے پھول مرجھا گئے جس کے بعد رواں ماہ تھر میں غذائی قلت کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد 39 تک جا پہنچی ہے جبکہ سال 2015ء کے ابتدائی تین ماہ میں اب تک 222 بچوں سمیت 250 کے قریب افراد جاں بحق ہوچکے ہیں ہسپتال ذرائع کے مطابق ابھی بھی مٹھی کے ہسپتال اور ڈیپلو کے گرد و نواح کے علاقوں میں درجنوں بچے غذائی قلت سے سخت بیمار ہیں جس میں سے کئی ایک کی حالت تشویشناک ہے ۔

واضح رہے کہ تھر میں 2014 میں بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے اموات کا جو سلسلہ شروع ہوا اس میں اب تک دو ہزار کے قریب بچے ‘ مائیں اور بوڑھے زندگی سے ناطہ توڑ چکے ہیں اور اس سلسلے کو روکنے کے لئے سندھ حکومت کی طرف سے بار بار دعوؤں کے باوجود نہ ہی ٹھوس اقدام صحرائے تھر میں نظر آتا ہے اور نہ ہی تھر کے ہسپتالوں میں پیرامیڈیکل سٹاف اور سہولیات موجود ہیں۔(ن غ)

متعلقہ عنوان :