پنجاب حکومت عبرت کا نشان بن چکی ہے کیونکہ صوبے کے ہر شعبہ زندگی کے لوگ ان سے تنگ ہیں‘منظوراحمد وٹو ،

پیپلز پارٹی پنجاب حکومت کی غیر قانونی ، غیر آئینی اور غیر اخلاقی حرکات کی بھرپور مزاحمت کرے گی‘صدر پیپلز پارٹی پنجاب

اتوار 29 مارچ 2015 23:31

لاہو ر(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار29مارچ ۔2015ء ) میاں منظور احمد وٹوصدرپیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب نے صحافیوں سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ ُانکے تمام جائز مطالبات فورًا تسلیم کئے جائیں، صوبے میں امن عامہ کی سنگین صورتحال کے پیش نظر صحافی براردی اپنے فرائض انجام دے رہی ہے اور انہیں معاشرے میں عزت و احترام کی خاطر حکومت کو اقدامات کرنے چاہئیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز کی سطح پر صحافی کالونیاں بنائی جائیں اور وہاں پرانفراسٹرکچر کی تعمیر کے لیے فنڈز بھی مختص کئے جائیں تا کہ وہ عزت کے ساتھ اپنے گھروں میں زندگی بسر کر سکیں۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صحافی برادری حکومتی بے حسی کے پیش نظر اب انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہو گئی ہے اور وہ 31مارچ کو پنجاب اسمبلی کے سامنے صوبے کے تمام صحافی حکومت کے خلاف احتجاج کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی نا خوشگوار واقعہ پیش آیا تو اس کی تمام تر ذمہ داری پنجاب حکومت پر عائد ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور صحافت لازم و ملزوم ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے صحافیوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر انتہائی مشکل حالات میں آزادی صحافت کے لیے جدوجہد کی اور پیپلز پارٹی صحافیوں کے احترام پر آنچ نہیں آنے دے گی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عبرت کا نشان بن چکی ہے کیونکہ صوبے کے ہر شعبہ زندگی کے لوگ ان سے تنگ ہیں۔ کسان سڑکوں پر ہیں، نابیناؤں کے خلاف پولیس گردی کرتی ہے،ڈاکٹروں اور نرسوں پر بھی بد سلوکی کی بھی مرتکب ہوئی ہے لیکن یہ اصلاح احوال کے لیے کچھ کرنے سے عاری معلوم ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پنجاب حکومت کی غیر قانونی ، غیر آئینی اور غیر اخلاقی حرکات کی بھرپور مزاحمت کرے گی۔

متعلقہ عنوان :