کوہاٹ ، معیار کے مطابق حفاظتی انتظامات نہ کرنیوالے مزید 70 تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کے خلاف مقدمات درج

اتوار 29 مارچ 2015 23:31

کوہاٹ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار29مارچ ۔2015ء )کوہاٹ میں سیکیورٹی ایکٹ کے تحت مطلوبہ معیار کے مطابق حفاظتی انتظامات نہ کرنیوالے مزید 70 تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔یہ مقدمات کوہاٹ پولیس کے مختلف تھانوں میں در ج کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے تناظر میں حکومت کی طرف سے حساس اور آسانی سے ہدف بننے والے مقامات اور خصوصاًتعلیمی اداروں میں آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے حوالے سے جاری کردہ خصوصی ایکٹ میں فول پروف حفاظتی انتظامات کے مطلوبہ سیکیورٹی نکات شامل کئے گئے اور اس سلسلے میں تمام تعلیمی اداروں کو سیکیورٹی اقدامات یقینی بنا نے کی سختی سے تا کیدکرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لانے کا حکم دیا گیاتاہم پولیس کی جانب سے تعلیمی اداروں کو بار ہا سیکیورٹی اقدامات کی ہدایت کے باوجود سی سی ٹی وی کیمروں کی عدم تنصیب،چار دیواری کی مقررہ حد تک اونچائی ،سیکیورٹی گارڈز تعینات نہ کرنے اور دیگر غیر معمولی سیکیورٹی نقائص کی بنیادپر کوہاٹ کے گیارہ تھانوں کی پولیس نے شہر اورمضافات کے دیگر حساس علاقوں علی زئی ،خایزئی،استرزئی،چکرکوٹ،نصرت خیل ،پراچگان بانڈہ،محمد زئی،ملوک خان بانڈہ،گمبٹ ،خوشحال گڑھ،گنڈیالی،لونج ،غوریزئی ،جبڑ،توغ،ڈھوڈہ،ڈھیری بانڈہ،شینو خیل،جدید بانڈہ،لاچی،حافظ آباد،جنگل خیل،ملنگ آباد،شہیدہ بانڈہ جرما،خرماتو،رعایتی بانڈہ،بازید خیل،باقی زئی اور گھمکول افغان مہاجر کیمپوں میں واقع مختلف نجی و سرکاری سکول و کالج کے70 سربراہوں کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔