ڈالروں کے عوض قوم کی بیٹی کو فروخت کرنے والے آج مکافات عمل کا شکار ہیں،سید صلاح الدین،

وزیر اعظم عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے اپنے وعدے کی پاسداری کریں۔ اجلاس سے خطاب

اتوار 29 مارچ 2015 22:38

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار29مارچ ۔2015ء) عافیہ صدیقی قوم کی مظلوم بیٹی ہے۔ حکمرانوں نے چند ڈالروں کے عوض قوم کی بیٹی کو فروخت کیا۔ عافیہ صدیقی کو فروخت کرنے والے مکافات عمل کا شکار ہیں۔ عافیہ صدیقی آج بھی کسی محمد بن قاسم کی منتظر ہے۔ وزیر اعظم میاں نواز شریف الیکشن سے پہلے عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے کیے جانے والے اپنے وعدے کی پاسداری کریں۔

یہ بات انسانی حقوق کی تنظیم ”انسان“ کے مرکزی صدر سید صلاح الدین نے 30 مارچ کو ”عافیہ ڈے“ کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں نائب صدور سید صبغت اللہ، فرحاد گل، رانا انور غنی، سیکریٹری جنرل قاسم جمال ودیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ سید صلاح الدین نے کہا کہ 30 مارچ کو عافیہ ڈے مناکر پوری قوم امریکہ کی بربریت اور ظلم کے خلاف احتجاج بلند کرے گی۔

(جاری ہے)

ایک غریب معصوم اور بے گناہ لڑکی پر ظلم اور بربریت انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں اور سول سوسائٹی عافیہ سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی مظاہرے، کانفرنس، سیمینار منعقد کریں اور قوم کی بیٹی کے ساتھ بھرپور طریقے سے یکجہتی کا اظہار کیا جائے۔ اس سلسلے میں کل بروز پیر 30 مارچ کو کراچی کے اہم مقامات میں عافیہ صدیقی سے یکجہتی کیلئے چراغ روشن کیے جائیں گے۔ احتجاجی مظاہرے اور سیمینار بھی منعقد ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :