اسلام میں بادشاہت کی گنجائش نہیں ،پاکستانی حکومت منافقانہ پالیسیاں ترک کرے،مولانا عون نقوی

اتوار 29 مارچ 2015 22:35

کراچی( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار29مارچ ۔2015ء) شیعہ علماء و ذاکرین کا مشترکہ اجلاس مولانا عون نقوی کی صدارت میں رضویہ سوسائٹی میں منعقد ہوا ،جس میں یمن کی صورتحال میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے علماء نے کہا کہ پاکستان ثالثی کا کردار ادا کرے فریق نہ بنے ۔علامہ عون نقوی نے کہا کہ جمہوریت کی دعویدار نواز حکومت آمریت اور بادشاہت کو بچانے کیلئے بے تاب ہے،جو کہ جمہوری حکمرانوں کو زیب نہیں دیتا ،اسلام میں بادشاہت کی کوئی گنجائش نہیں پاکستانی حکومت منافقانہ پالیسی اپنائے ہوئے ہے۔

دل طالبان کیساتھ ہیں اور زبان پر دہشت گردی کے خاتمے کی باتیں،انہوں نے مزید کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ پورے خطے میں فساد کا ذریعہ اور دہشت گردوں کے سرپرست کون ہیں،انہوں نے کہا کہ یمن کی عوام کو جمہوری طریقے سے ڈیل کیا جائے،یمن میں کسی دوسرے ملک کی فوج کشی عالمی جنگ چھیڑنے کے مترادف ہوگی ۔

(جاری ہے)

حکومت پاکستان مسلکی اور ذاتی اور دوستانہ پالیسیوں کو مقدم نہ رکھے،بلکہ ملک کے دیر پا مفاد کو مد نظر رکھ کر پالیسیاں بنائی جائیں،انہوں نے جنرل راحیل شریف سے اپیل کی کہ وہ ہزار مرتبہ سوچ کر اقدامات کریں ،کیونکہ موجود ہ نام نہاد جمہوری حکومت ذاتی دوستی میں اندھی ہوچکی ہے،انہوں نے واضح کیا کہ شیعہ مسلک میں ملک سے زیادہ کوئی چیز عزیز نہیں ،اجلاس سے علامہ اکرام حسین ترمذی ،مہدی سرباز ،خلیل کمیلی،علامہ جعفر رضا ،سجاد نقوی ،علامہ احمد حسن،علامہ غلام علی ،علامہ اقتدار کاظمی ،علامہ مبشر کاظمی ،علامہ مظہر عابدی،حکیم محمد احمد زیدی،لخت حسینین زیدی اور دیگر نے خطاب کیا۔