یمن اور سعودی عرب میں سے کسی ایک ملک کی حمایت میں فوج بھیجنے کا فیصلہ کرنے سے حکومت پہلے قوم کو اعتماد میں لے، جمعیت علماء پاکستان (نورانی )

اتوار 29 مارچ 2015 19:53

حیدرآباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار29مارچ ۔2015ء) جمعیت علماء پاکستان (نورانی ) کے مرکزی میڈیا کوآرڈینٹرڈاکٹر محمد یونس دانش نے مشرق وسطحٰی کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمن اور سعودی عرب دونوں مسلمان ممالک ہیں لہٰذا حکومت پاکستان کو کسی ایک ملک کی حمایت میں فوج بھیجنے کا فیصلہ کرنے سے پہلے قوم کو اعتماد میں لینا چاہئے اس وقت پاکستان خود دھشت گردی کی آگ میں جھلس رہا ہے اغیار کی جنگ میں ایندھن بن کر پہلے ہی ہم اپنا بہت نقصان کر چکے ہیں اور اب مزید کسی بھی نقصان کے متحمل نہیں ہو سکتے لہذا حکومت کو یمن اور سعودی عرب کی لڑائی میں فریق بننے کی بجائے مصالحانہ کردار ادا کرنا چاہئے انہوں نے کہا کہ پچھلے دس سالوں سے امت مسلمہ شدید مشکلات سے دورچار ہے اعراق،شام ،یمن ، اردن،مراکش،مصر ،تیونس میں ہزاروں مسلمانوں کے خون سے ہولی کھلی گئی ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے گئے اتحاد بین المسلمین کو سبوتاژ کرنے کیلئے امریکہ اسلامی ممالک کے درمیان فرقہ وارانہ جنگ چھیڑنے کیلئے سعودی عرب کو اکسارہا ہے لہٰذا پاکستان کو امت مسلمہ کی قیادت کرتے ہوئے OICکا اجلاس بلا کراس معاملہ کو افہام تفہیم سے حل کرنا چاہئے اگر سعودی عرب کی محبت میں حکمرانوں نے یکطرفہ طرزعمل اختیار کرتے ہوئے پاک فوج کو اس جنگ کا ایندھن بنایا تو اس کے انتہائی بھیانک نتائج نکل سکتے ہیں