خادم اعلیٰ پنجاب اپنے دور حکومت کا میرے دور سے موازنہ کر لیں ‘ چوہدری پرویز الٰہی

اتوار 29 مارچ 2015 19:17

خادم اعلیٰ پنجاب اپنے دور حکومت کا میرے دور سے موازنہ کر لیں ‘ چوہدری ..

رائے ونڈ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار29مارچ ۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما و سابق ڈپٹی وزیر اعظم چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ میرا خادم اعلیٰ پنجاب کو چیلنج ہے کہ وہ اپنے دور حکومت کا موزانہ میرے دور حکومت سے کرکے دکھائیں ،ہم نے پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ ترقیاتی منصوبہ جات مکمل کروائے اورمہنگائی اور بے روزگاری کا خاتمہ کیا لیکن خادم اعلی ٰ پنجاب کی ٹیم میں شامل اراکین اسمبلی قبضہ مافیا ہیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہبا زشریف کے دور حکومت میں گوجرہ کے مسیحی خاندانوں کو جو چیک دئیے گئے تھے وہ آج تک کیش نہیں ہو سکے ،سانحہ لاہور میں دو معصوم جانوں کا ضیاع لاہور پولیس کی مجرمانہ غفلت ہے جنہوں نے معصوم افراد کو افراتفری میں پکڑا بعد میں بلوائیوں کے حوالے کردیا تھا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ 1122کی وجہ سے آج کتنی جانیں بچ رہی ہیں ہمارے دور حکومت میں روزگار عام تھا آٹا چینی سمیت کوئی بحران نہیں تھا ترقیاتی منصوبہ جات کی رفتار تیز تھی لیکن موجودہ حکومت امن وامان پر قابو پانے میں بری طرح ناکا م ہوچکی ہے جس سے عام شہری خود کو عدم تحفظ کا شکار محسوس کرتا ہے ۔

پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ میرے پاس پورے اعدادوشمار ہیں کہ موجود حکومت کس انداز میں کرپشن کررہی ہے اور وزیر اعلیٰ کے منظور نظر اراکین قومی اسمبلی کس طرح قبضے کررہے ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں ۔