جنت نظیر وادی سوات کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہماری اولین ترجیح ہے،محمودخان،

حکومت جھوٹ اور منافقت کی سیاست کرے گی اور نہ ہی عوام سے حقائق چھپائے گی،صوبائی وزیرآبپاشی محمودخان

اتوار 29 مارچ 2015 19:09

پشاور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار29مارچ ۔2015ء) خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی محمود خان نے کہا کہ جنت نظیر وادی سوات کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ، پائیدار امن و امان کا قیام اور لوگوں کی جان و مال کا تحفظ پی ٹی آئی حکومت کا منشور ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل مٹہ ضلع سوات میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پی ٹی آئی تحصیل مٹہ سوات کے صدر ثمر خان کے علاوہ عمائدین علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔

محمود خان نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت بے روزگاری کے خاتمے اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کیلئے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی قیادت میں ترجیحی بنیادوں پر عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت جھوٹ اور منافقت کی سیاست کرے گی اور نہ ہی عوام سے حقائق چھپائے گی بلکہ تمام قومی معاملات میں سب کو ساتھ لے کر قدم آگے بڑھائے گی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے حلقہ پی کے۔84 مٹہ سوات میں ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کروڑوں روپے کی لاگت سے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے جن میں سیلاب سے بچاؤ کے حفاظتی پشتے ، بجلی کی سہولیات کی فراہمی ، پینے کیلئے صاف پانی ، سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور طبی و تعلیمی اداروں کی آباد کاری و بحالی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا گیا ہے ۔

انہوں نے عوام سے کہا کہ حکومت کی جانب سے شروع کردہ تمام ترقیاتی منصوبوں پر کڑی نظر رکھیں اور جہاں بھی کسی قسم کی غفلت یا کرپشن نظر آئے تو اس کی اطلاع فوری طور مقامی انتظامیہ یا براہ راست انہیں فراہم کریں تاکہ غفلت یا کرپشن کی فوری طور پر بیخ کنی کی جا سکے اور علاقے کو تیز تر تری کی راہ پر گامزن کیا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے علاقے کی سابقہ محرومیوں کا ازالہ ہونے کے ساتھ ساتھ ترقی و خوشحالی کا ایک انقلاب آئے گا۔۔وزیر آبپاشی محمود خان نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنی مثبت اور موثر کارکردگی کی بنا پر آنے والے بلدیاتی انتخابات میں مکمل کلین سویپ کرے گی۔

متعلقہ عنوان :