صوبے میں جاری امن و امان کی ناقص صورتحال،بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ اور ہوشربامہنگائی حکومت کی ناکامی ہے،سکندرشیرپاؤ،

پی ٹی آئی حکومت وفاق کے ساتھ صوبے کا کیس موثر انداز میں پیش نہیں کر رہی ہے،، آئی ڈی پیز نے ملک و قوم کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں،قومی وطن پارٹی چیئرمین سکندرشیرپاؤ

اتوار 29 مارچ 2015 19:04

پشاور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار29مارچ ۔2015ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندرحیات خان شیرپاؤ نے صوبے میں جاری امن و امان کی ناقص صورتحال،بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ اور ہوشربامہنگائی کو صوبائی حکومت کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت وفاق کے ساتھ صوبے کا کیس موثر انداز میں پیش نہیں کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے اتوار کے روزگاؤں پلوسی ضلع پشاور میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنوں اور سابقہ کونسلران امان اللہ خلیل،ملک شریف اللہ،ملک قیوم خان،حاجی یار محمد،فریداللہ،جھانگیر خان،ملک مدد خان،ملک اسماعیل خان،ظفر اقبال خلیل،میاں خان،اول گل خان،مسافر خان،صاحبزادہ،کریم خان اور حاجی رحمت گل نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں کے ساتھ قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

سکندرشیرپاؤ نے کہا کہ صوبہ میں امن و امان کی بدترین صورتحال اور 15گھنٹے بجلی کی ظالمانہ لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا حرام کردیا ہے اور اس ضمن میں حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ مہنگائی زوروں پر ہے اور غریب آدمی دو وقت کی روٹی کیلئے ترس رہا ہے جبکہ پی ٹی آئی کی حکومت تبدیلی کے دعوے کر رہی ہے جو صوبے کے عوام کی زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔قومی وطن پارٹی کے رہنماء نے بے گھر ہونے والے افراد کی اپنے گھروں کو مشروط واپسی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی قربانیوں کی توہین ہے۔انھوں نے کہا کہ آئی ڈی پیز نے ملک و قوم کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں اور یہ حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ آئی ڈی پیز کی باعزت اور معاوضوں کیساتھ واپسی یقینی بنائے۔

سکندر شیرپاؤ نے صوبہ خیبر پختونخوا اور قبائیلی علاقہ جات میں صحیح مردم شماری کرانے کا بھی مطالبہ کیا۔ اس موقع پر قومی وطن پارٹی ضلع پشاور کے چیئرمین ابرار خلیل،وائس چیئرمین اقبال خان خلیل اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔