کالے دھن والے لیڈروں نے پڑھے لکھے پاکستانیوں پر اقتدار کے دروازے بند کئے ہوئے ہیں،ڈاکٹر ایس ایم ضمیر،

ماڈل ٹاؤن دہشت گردی کے ”ملزم اعظم“ اور ”ملزم اعلیٰ“اپنے آلہ کار پولیس افسران کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے

اتوار 29 مارچ 2015 18:43

اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار29مارچ ۔2015ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی نائب صدر ڈاکٹر ایس ایم ضمیر نے پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کالے دھن والے کاروباری سیاسی لیڈروں نے عام پڑھے لکھے پاکستانیوں پر اقتدارکے دروازے بند کئے ہوئے ہیں،عوامی تحریک بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے کر ثابت کرے گی کہ عوام ڈاکٹر طاہرالقادری کے ایجنڈے کے ساتھ متفق و متحد ہیں ۔

اس موقع پرضلعی صدر ابراررضاایڈووکیٹ،جنرل سیکرٹری اشتیاق میر ایڈووکیٹ،اجمل چوہدری،مصطفی خان،غلام علی خان،فیصل خان نیازی،رضوان مغل،راجہ منیر اعجاز، حسن ملک، احسن قریشی،حسن ملک اور دیگر بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن ریاستی دہشت گردی کے ”ملزم اعظم“ اور ”ملزم اعلیٰ“ اپنے آلہ کار پولیس افسران سمیت منطقی انجام کو پہنچانے تک چیں سے نہیں بیٹھیں گے ، قاتل حکمرانوں کی یہ بھول ہے کہ وہ حیلوں ہتھکنڈوں سے اپنی گردنیں پھندوں سے بچا لیں گے ۔

(جاری ہے)

سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے خون کا بدلہ انصاف کی صورت میں کیسے لینا ہے ،جس کی حکمت عملی طے کر لی ہے ۔انہوں نے کہاکہ جب تک چھانگا مانگا کی سیاست کے بانی ایوانوں میں موجود ہیں یہ کاروبار کبھی بند نہیں ہو گا ، ریاستی طاقت کے یہ بڑے خریدارضمیروں کی سودے بازی کرتے رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اسی لوٹ کھسوٹ کے نظام کو بدلنے اور عام آدمی پر اعلیٰ ایوانوں کے دروازے کھولنے کیلئے عوامی تحریک نے دو بار لانگ مارچ کیا ،جب تک دم میں دم ہے اس ظلم کے نظام کے خلاف لڑتے رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ حکمران بلدیاتی انتخابات کروانے میں سنجیدہ نظر نہیں آتے ،تاہم عوامی تحریک اپناہوم ورک کر رہی ہے ،اور مکمل تیاری کے ساتھ بلدیاتی الیکشن میں حصہ لیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :