دہشت گردوں کا کوئی دین ہے نہ وہ انسان کہلوانے کے حقدار ہیں‘ امن و آشتی او راتحادو یگانگت تمام الہامی کتابوں کی مرکزی تعلیمات ہیں

صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور انسانی حقوق سر دار خلیل طاہر سندھو کا تقریب سے خطاب

اتوار 29 مارچ 2015 16:37

سرگودہا ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29مارچ۔2015ء ) صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور انسانی حقوق سر دار خلیل طاہر سندھو نے کہاہے کہ دہشت گردوں کا کوئی دین ہے نہ وہ انسان کہلوانے کے حقدار ہیں ۔امن و آشتی او راتحادو یگانگت تمام الہامی کتابوں کی مرکزی تعلیمات ہیں ۔ ان خیالات کاا ظہار انہوں نے بین المذاہب ہم آھنگی امن فاؤنڈیشن اورتانگ وسیب کے زیر اہتمام مجلس مکالمہ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

صوبائی وزیر نے کہاکہ دنیا کاکوئی مذہب انسانی جانوں کے قتل کی ترغیب نہیں دیتا ۔ اسلام اور عیسائیت دونوں امن کے داعی ادیان ہیں ۔ پاکستانی تاریخ میں پہلی بار سانحہ یوحنا آباد میں مسیحوں کی طرف سے شک کی بنیاد پر دو انسانوں کو قتل کر کے جلا دیا گیا ۔

(جاری ہے)

جس پر پوری مسیحی قوم کے سرشرم سے جھک گئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ان دہشت گردوں تک حکومت پہنچ چکی ہے او رانہیں قرار واقعی سزا دلائی جائے گی ۔

قیام پاکستان میں مسیحوں کے کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ پاکستان لاکھوں جانوں کے نذرانوں کا ثمر ہے او رمسیحی برادری اپنے مسلم بھائیوں کے شانہ بشانہ اس کی بقا ء وسلامتی کیلئے اپنا تن من دھن لٹا دیں گے۔انہوں نے کہاکہ صوبائی ایڈوائزری کونسل میں تمام اضلاع کے علماء ودانشورحضرات کوشامل کیاجائے گا۔ علماء محبتوں کے امین او رامن کے علمبردار ہیں ۔

دہشت گردوں کا تعلق کسی دینی مدرسہ سے ثابت نہیں ۔ یہ دہشت گردی امپورٹڈ ایجنڈے پر کام کرتے ہوئے پاکستان کو انتشار کا شکار کرنا چاہتے ہیں ۔ لیکن پاکستانی عوام چاہے مسیحی ہوں یا مسلم وہ ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں دہشت گرد آخر ی سانس لے رہے ہیں ۔ انہیں ملک سے فرار کی بجائے چن چن کر ختم کیا جائے گا۔ صوبائی وزیرنے کہا کہ علمائے کرام ملک میں امن کے قیام میں کلیدی کردار اداکر رہے ہیں۔