پر اسرار پیانو کا معمہ حل ہو گیا

اتوار 29 مارچ 2015 15:37

کالاباساس، کیلیفورنیا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔29مارچ۔2015ء)دو دنوں سے جنوبی کیلیفورنیا میں ایک پراسرار پیانو کے کافی چرچے تھے۔ دو لڑکوں نے اس پیانو کو پہاڑ کی چوٹی پر رکھا ہوا پایا تھا۔ یہ پیانو کنکریٹ کی سلیب پر رکھا ہوا تھا۔ یہ اس طرح رکھا ہوا تھا کہ اےس بجاتے ہوئے اردگرد کا نظارہ بہت خوبصورت نظر آتا۔لوگوں میں اس پیانو کے وہاں موجود ہونے کے حوالے سے کافی افواہیں گردش کرتی رہیں۔

(جاری ہے)

اب معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ پیانو کو وہاں ایک میوزک ویڈیو کی ریکارڈنگ میں استعمال کرنے کے لیے پہنچایا گیا تھا۔ یہ پیانو سیٹل کے گلوکار راشیل وونگ کے میوزک ویڈیو میں استعمال ہوا ہے۔ سینماٹوگرافر مائیکل فلوٹرون نے کہا کہ اس نے چار دوسرے لوگوں کے ساتھ مل کر 350 پاؤنڈ وزنی پیانو کو رسی اور ڈولی کی مدد سے ایک میل اونچی پہاڑی پر پہنچایا۔اس نے مزید کہا کہ ویڈیو ریکارڈ کرنے کے بعد کافی اندھیرا چھا گیا تھا اس لیے وہ پیانو کو نیچے نہیں اتار سکے۔ فلوٹرون کا کہنا ہے کہ لوگ اس پیانو کو اوپر دیکھ کر خوش ہو رہے ہیں۔ جب ہمیں ضرورت ہو گی ہم اسے نیچے اتار لیں گے۔