ملک بھر میں کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا سلسلہ شروع

2 سے 4 اپریل تک کاغذات کی جانچ پڑتال اور 6 اپریل تک اعتراضات دائر کیے جا سکتے ہیں، 9 اپریل کو اپیلوں پر فیصلے دیے جائیں گے ، 10 اپریل کو امیدوار کاغذات نامزدگی واپس لے سکتے ہیں، 11 اپریل کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گےن

اتوار 29 مارچ 2015 15:11

لاہور/کراچی/پشاور/کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29مارچ۔2015ء)ملک بھر میں 25اپریل کو ہونیوالے کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا سلسلہ اتوار سے شروع ہوگیا جو منگل31مارچ تک جاری رہے گا۔الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی 29 سے 31 مارچ تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔2 سے 4 اپریل تک جمع کرائے گئے۔کاغذات کی جانچ پڑتال اور 6 اپریل تک کاغذات مسترد ہونے پر اعتراضات دائر کیے جا سکتے ہیں۔

9 اپریل کو اپیلوں پر فیصلے دیے جائیں گے جبکہ 10 اپریل کو امیدوار کاغذات نامزدگی واپس لے سکتے ہیں۔ 11 اپریل کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے۔ملک کے کئی شہروں میں قائم 42 کینٹ بورڈز میں199وارڈز تشکیل دیئے گئے ہیں اور ہر وارڈ کی ایک جنرل نشست پر انتخاب کرایا جائے گا۔

(جاری ہے)

صوبہ خیبر پختونخوا کے 10 کنٹونمنٹ ایریاز میں 30 وارڈز بنائے گئے ہیں۔

صوبہ پنجاب میں 21 کنٹونمنٹ بورڈ کے لیے 116 وارڈ،صوبہ سندھ کے 8 کنٹونمنٹ بورڈ میں 44 وارڈ ،اورصوبہ بلوچستان میں قائم تین کنٹونمنٹ بورڈ میں 9 وارڈ بنائے گئے ہیں۔کنٹونمنٹ بورڈز میں جنرل نشستوں پر انتخابات 25 اپریل کو کرائے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن نے کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کے لئے ضابطہ اخلاق جاری کردیا وزیراعظم‘ سینٹ کے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین‘ اسمبلی کے سپیکر و ڈپٹی سپیکر‘ وفاقی وزراء اور دیگر حکومتی عہدیداران کسی بھی امیدوار کی انتخابی مہم میں حصہ نہیں لیں گے اور نہ ہی انتخابات کے دوران کسی وارڈ یا کنٹونمنٹ بورڈ کا دورہ کریں گے۔

پولنگ اسٹیشن کی حدود کے دو سو میٹڑ کے اندر ووٹ دینے کے لئے کسی کو قائل کرنا یا ووٹ دینے سے روکنا‘ مخصوص جگہ کے علاوہ کسی جگہ پر کسی قسم کا نوٹس ‘ نشان ‘ بینر اور جھنڈا آویزاں کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ وفاقی اورصوبائی حکومتوں پر اخبارات اور دیگر ذرائع ابلاغ پر سرکاری خزانے سے اشتہارات دینے کے اجراء پر پابندی ہوگی۔ کینٹ بورڈ میں کاغذات جمع کروانے کے دنوں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔