سیکورٹی مشکلات ،صدر مملکت کاشادی کی تقریبات میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

قریبی دوستوں کے بچوں کی شادی کی تقریبات میں مبارکباد دینے کے لئے گھروں میں جایا کرینگے

اتوار 29 مارچ 2015 14:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29مارچ۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے آئندہ شادی کی تقریبات میں شرکت نہ کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے‘ صدر نے یہ فیصلہ شادی کی تقریبات میں ان کی شرکت کی وجہ سے مہمانوں کو سکیورٹی کی وجہ سے پیش آنے والی مشکلات کے باعث کیا ہے‘ آئندہ وہ اپنے قریبی دوستوں کے بچوں کی شادی کی تقریبات میں شرکت کرنے کی بجائے مبارکباد دینے کے لئے ان کے گھروں پر جایا کرینگے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات وفاقی وزیر ماحولیاتی تغیرات سینیٹر مشاہد الله خان کی صاحبزادی اور قومی اسمبلی کی رکن ردا خان کی شادی کی تقریب میں صدر مملکت کی شرکت کے باعث مقامی فائیو سٹار ہوٹل میں سکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کئے گئے تھے اس موقع پر شدید آندھی اور بارش کے باعث بھی پارکنگ نہ ملنے کی وجہ سے مہمانوں کو شدید مشکلات کا سامان کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

صدر کے چیف سکیورٹی کی ہدایت پر اسلام آباد پولیس نے ہوٹل کے ارد گرد پارکنگ پر پابندی عائد کردی جس کی وجہ سے ایسے مہمانوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جو خود گاڑیاں چلا کر لائے تھے اور بارش میں وہ بھیگ کر شادی کی تقریب میں پہنچے جبکہ خواتین کو اس وقت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب ان کے موبائل ٹیلی فون سکیورٹی حکام نے اندر لے جانے کی اجازت نہیں دی۔ ذرائع کے مطابق صدر مملکت کو اس صورتحال کا علم بعد میں ہوا جس کے بعد انہوں نے اس بات کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ آئندہ شادی کی تقریبات میں شرکت سے گریز کرینگے۔

متعلقہ عنوان :