شریف برادران غریب عوام کو ٹی وی اشتہاری مہم سے بے وقوف بنا رہے ہیں،سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری

عالمی منڈی میں پام آئل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود پاکستان میں منہ زور گھی مل مافیا عام صارفین کو کمی کا فائدہ منتقل کرنے سے گریز کررہے ہیں،چوہدری سعید اقبال

اتوار 29 مارچ 2015 13:04

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29مارچ۔2015ء ) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماوسابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری چوہدری سعید اقبال ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ شریف برادران غریب عوام کو ٹی وی اشتہاری مہم سے بے وقوف بنا رہے ہیں۔ عالمی منڈی میں پام آئل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود پاکستان میں منہ زور گھی مل مافیا عام صارفین کو کمی کا فائدہ منتقل کرنے سے گریز کررہے ہیں جو گھی عالمی منڈی میں کمی کے باعث 40 روپے فی کلو تک ملنا چاہئے تھا وہ اب 15 روپے فی کلو روپے کمی کے اعلان کے باوجود عوام کو نہیں مل رہا۔

اچھے برانڈ کا گھی آئل مارکیٹ سے غائب ہو چکا ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومت پنجاب کے دعوے واضح اعلان کے باوجود فی کلو 15 روپے کمی کی بجائے صرف 5 سے 7 روپے تک کا غریبوں کو ریلیف دیا جارہا ہے جوکہ سراسر ظلم اور بڑی زیادتی کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ڈئرہ سرگودھا روڈ پر اپنے حلقہ انتخاب کے ووٹروں‘ پارٹی ورکروں اور پیپلز لیبر بیورو کے ڈویژنل عہدیداروں صدر رانا نصیر احمد‘ لال حسین راشد‘ محمد طاہر شیخ‘ میاں ارشد ندیم‘ چوہدری خادم حسین سے ملاقات کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں پام آئل کی قیمت 200 دالرز فی ٹن سے زائد سے کم ہوئی ہے جس کا منافع گھی مل مالکان نے پچھلے سات ماہ میں 18 ارب روپے سے زائد حاسل کیا لیکن غریب عوام کو ابھی تک 15 روپے فی کلو کے فائدہ سے محروم کر رکھا ہے۔ ملک کے غریبوں‘ دیہاڑی دار محنت کشوں اور سفید پوش عوام کو زندہ درگور کرنا (ن) لیگ اور اسکے حواری غریب دشمن تاجروں کا وطیرہ ہے۔

پی ایل بی کے رہنماؤں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے منافع خوروں اور ملاوٹ مافیا کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔ آئل‘ چینی اور پٹرول کی قیمت بڑھانا ہو تو راتوں رات نئے ریٹس آجاتے ہیں۔ محنت کشوں اور غریبوں کے استعمال کی چیزوں میں ریٹ کم کرنے کیلئے کئی ماہ تک انتظامیہ کی سولی پر لٹکنا پڑتا ہے پھر بھی غریبوں کو ریلیف نہیں ملتا۔