افریقی ملک گنی کے صدر کا ایبولا وائرس کے خطرے کے پیش نظر مختلف علاقوں میں 45 روز کیلئے ہیلتھ ایمرجنسی لگانے کا اعلان

فورکرایا، بوفا، کنڈیا، ڈوبریکا اور کویا میں 45 روز کیلئے ہیلتھ ایمرجنسی لگائی جارہی ہے  صدارتی بیان

اتوار 29 مارچ 2015 12:23

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29مارچ۔2015ء)افریقی ملک گنی کے صدر ایلفا کونڈ نے ایبولا وائرس کے خطرے کے پیش نظر ملک کے پانچ مختلف علاقوں میں 45 روز کیلئے ہیلتھ ایمرجنسی لگانے کا اعلان کیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق گنی میں دسمبر 2013 میں ایبولا کی وبا پھیلنا شروع ہوئی تھی ہیلتھ ایمرجنسی کے تحت کسی بھی ہسپتال یا کلینک میں ایبولا کے مریض کی تصدیق ہونے جانے کے بعد اسے بند کر دیا جائیگا اس کے علاوہ اس مرض کے شکار ہونے کے بعد وفات پا جانے والوں کی تدفین کیلئے بھی نیا قانون بنایا گیا اور ممکنہ طور پر مریضوں کو بالکل الگ اور محفوظ جگہ پر رکھا جائیگا۔

جنوری 2015 میں عالمی ادارہ صحت نے گنی لائبیریا اور سئیرالیون میں ایبولا کے کیسوں کی تعداد میں تیزی سے کمی کی رپورٹ دی تھی تاہم اب ایک بار پھر ان ممالک میں ایبولا کی وبا پھوٹنے کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ملک کے پانچ علاقوں میں ایبولا کے پھیلاوٴ کے خطرے کے پیشِ نظر ہیلتھ ایمرجنسی لگانے کا تحریری بیان سرکاری میڈیا پر شائع کیا گیا ہے۔بیان کے مطابق فورکرایا، بوفا، کنڈیا، ڈوبریکا اور کویا میں 45 روز کے لیے ہیلتھ ایمرجنسی لگائی جارہی ہے۔بیان میں صدر نے کہا کہ ایبولا وائرس کا مرکز ملک کے ساحلی علاقے میں منتقل ہوگیا ہے۔انہوں نے کہاکہ اس عرصے میں دورانِ ایمرجنسی جو بھی ضرورت ہوگی پابندیوں اور روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے