وزیراعظم کی یمن میں پاکستانی سفیر کو پاکستانیوں کی وطن واپسی تک تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کی ہدایت

ہفتہ 28 مارچ 2015 00:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے یمن میں تعینات پاکستانی سفیر کو ہدایت کی ہے کہ تمام پاکستانیوں کی وطن واپسی تک ہر پاکستانی کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے ہفتہ کو یمن میں پاکستانی سفارتخانے سے رابطہ کیا ، اس موقع پر وزیراعظم نے یمن کی تازہ ترین صورتحال اور وہاں موجود پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے کیے جانیوالے اقدامات کے بارے میں دریافت کیا اور اس سلسلے میں ہدایات دیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے سفیر کو کہا کہ یمن میں موجود پاکستانیوں کی سیکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور ان کی جلد وطن واپسی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہاں موجود پاکستانیوں کی حفاظت ہمارا اولین فرض ہے جسے ہر صورت نبھایا جائے گا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہم اپنے ہم وطنوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچنے دیں گے اور جہاں تک ممکن ہوا ان کی وطن واپسی کیلئے اقدامات کیے جائیں گے ۔ اس موقع پر سفیر نے وزیراعظم کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ یمن میں موجود پاکستانیوں کیلئے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور ان کی وطن واپسی جلد از جلد ممکن بنائی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :