صوبائی محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے زیر اہتمام اکیڈمی و فنانس سوئٹزر لینڈ کے تعاون سے دبئی میں بین الااقو ا می کانفرنس کا انعقاد

ہفتہ 28 مارچ 2015 23:21

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ2015ء)صوبائی محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے زیر اہتمام اکیڈمی و فنانس سوئٹزر لینڈ کے تعاون سے دبئی میں بین الاقو امی کانفرنس کا انعقاد کیاگیا ۔ کانفرنس میں مختلف ممالک کے سرمایہ کاروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ کانفرنس کا بنیادی مقصد گوادر میں بین القومی و مقامی سرمایہ کاروں کو بلو چستان اور بالخصوص گوادر میں سرمایہ کاری کی ترغیب دیناتھا بلوچستان سے وفد کی نمائندگی صوبائی وزیر محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری بلوچستان نصیب الله خان بازئی، ڈی جی گودر ڈویلپمنٹ اتھارٹی ڈاکٹر سجاد حسین بلوچ محکمہ آبپاشی کے وسیم اصغر ، سی اینڈ ڈبلیو کے شفقت کھوسہ ، چیف فارن ایڈ مجیب احمد نے کی۔

کانفرنس میں صوبائی وزیر محکمہ منصوبہ بندی و ترقیاتی ڈاکٹر حامد خان اچکزئی نے شرکاء کو گوادر کے محل و وقوع کے علاوہ بلوچستان کی مجموعی صورتحال اور گوادر سے اقتصادی راہداری کے حوالے سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ گوادر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ جبکہ گوادر کے مکمل فنکشنل ہونے سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ گوادرپورٹ 2007سے عارضی طور پر فنکشنل ہے جبکہ 2013میں اس کا انتظامی کنٹرول چین کے حوالے کیاگیا۔

جو کہ اس کو آنے والے وقتوں میں کمرشل طور پر مکمل فنکشنل کرے گا اور اسے گوادر کاشغر راہداری کے حالیہ طے شدہ منصوبے کے تحت وسعت دیگا۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں معدنیات، ماہی گیری، زراعت، لائیو سٹاک ، توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں انہوں نے کانفرنس کے انعقاد کو خوش آئندہ اور شرکاء کی بڑی تعداد میں شرکت کو اس کی بڑی کامیابی قرار دیا