حکومتی سطح پر بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں سو فی صد مکمل ہیں، جماعت اسلامی کے ہم خیال جماعتوں سے رابطے جاری ہیں؛سینئر صوبائی وزیر بلدیات خیبرپختونخوا عنایت اللہ خان

ہفتہ 28 مارچ 2015 23:14

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ2015ء) سینئر صوبائی وزیر بلدیات و دیہی ترقی خیبرپختونخوا عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ حکومتی سطح پر بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں سو فی صد مکمل ہیں اور جماعت اسلامی کے ہم خیال جماعتوں سے رابطے جاری ہیں جس سے مل کر صوبہ بھر میں خاطر خواہ کامیابی حاصل کریں گے ۔ دیر بالا میں سڑکوں کا جال بچھا کر علاقے کو ترقی کے راہ پر گامزن کریں گے ۔

وہ دیر بالا کے علاقے شنگ میں سڑک کے بلیک ٹاپنگ کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔تقریب سے قومی اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ ، ممبرصوبائی اسمبلی ملک بہر ام خان ، امیر جماعت اسلامی ضلع دیر بالا صاحبزادہ فصیح اللہ اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

عنایت اللہ خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم صوبے میں حکمرانی نہیں بلکہ عوام کے خدمت کے لیے حکومت میںآ ئے ہیں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے منصوبہ بندی کرلی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ہم ایک لمحے کے لیے عوامی خدمت سے غافل نہیں ہیں۔خدمت کے سلسلے میں عوام کو مایوس نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت اور حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے مکمل ہم آہنگی ہے اور مستقبل میں اس کے انتہائی اچھے نتائج سامنے آئیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ اتحادی حکومت نے مثالی بلدیاتی نظام تشکیل دیا ہے اور انتخابات کے انعقاد کے بعد صوبہ بھر میں اس کے واضح ثمرات دکھائی دیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ ترقیاتی منصوبے بھی نچلی سطح پر مکمل ہوں گے اور عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات کی فراہمی کے ساتھ اختیارا ت براہ راست ان کے نمائندوں کو ملیں گے ۔ سینئر صوبائی وزیر عنایت اللہ خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو اس حوالے سے پورے ملک میں سبقت حاصل ہے ۔