سعودی عرب اور یمن کے درمیان تنازعہ ایک گریٹ گیم ہے ، لیفٹیننٹ جنرل(ر ) عبدالقیوم،

امت مسلمہ کو اس صورتحال کے پس منظر میں اپنی آنکھیں اور کان کھلے رکھنا ہونگے، اسلام دشمن قوتیں امت مسلمہ کے اتحاد کو پارہ پارہ کر کے اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہیں، استقبالیہ میں گفتگو

ہفتہ 28 مارچ 2015 21:45

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ2015ء) سینٹ کے رکن لیفٹیننٹ جنرل(ر ) عبدالقیوم نے کہاہے کہ سعودی عرب اور یمن کے درمیان تنازعہ ایک گریٹ گیم ہے اور امت مسلمہ کو اس صورتحال کے پس منظر میں اپنی آنکھیں اور کان کھلے رکھنا ہونگے، کیونکہ اسلام دشمن قوتیں امت مسلمہ کے اتحاد کو پارہ پارہ کر کے اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہیں۔ وہ مسلم لیگی رہنما ملک فلک شیر اعوان کی طرف سے بلال آباد تلہ گنگ میں دیے جانے والے استقبالیہ میں گفتگو کر رہے تھے۔

خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے ملک فلک شیر اعوان نے سنیٹر عبدالقیوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ جنرل عبدالقیوم نا صرف ضلع چکوال کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے بلکہ وہ ملک اور قوم کی بھی بھرپور انداز میں فکری رہنمائی کریں گے۔

(جاری ہے)

استقبالیہ میں ایم این اے سردار ممتاز ٹمن، ایم پی اے سردار ذوالفقار علی خان دلہہ، ایم پی اے مہوش سلطانہ، بزرگ مسلم لیگی رہنما ملک اسلم سیتھی، سابق صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس ظفر بختاوری، چیئرمین پریس کلب خواجہ بابر سلیم محمود، عظیم سماجی کارکن راجہ مجاہد افسر، راجہ ساجد اقبال، بشیر سوز، ملک امیر خان، معروف نعت خوان عبدالرزاق جامی، پی ایم اے ضلع چکوال کے صدر ڈاکٹر زاہد ملک، ڈی سی او چکوال جاوید محمود بھٹی، ڈی پی او ڈاکٹر معین مسعود، ملک خالد ٹہی، ملک فیروز خان دھدیال، اسسٹنٹ کمشنر تلہ گنگ تنویر الرحمن، ٹی ایم او تلہ گنگ عابد ملک اور عمائدین علاقہ کی چیدہ چیدہ شخصیات موجود تھیں۔

جنرل عبدالقیوم نے مزید کہا کہ قوم کو بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، دہشتگردی اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ وزیراعظم نواز شریف کی پہلی ترجیحات ہیں،ملک میں امن ہوگا تو ترقی خود بخود ہوگی، جمہوریت اور اظہار رائے کی آزادی ہے، حتیٰ کے وزیراعلیٰ اور وزیراعظم کے خلاف بھی ایف آئی آرز درج ہورہی ہیں، ضلع چکوال مسلم لیگ ن کا مضبوط قلعہ ہے اور تمام منتخب عوامی نمائندوں کے ساتھ مل کر عوام کی خدمت کی جائے گی۔ اختتامی دعا حاجی عبدالرزاق جامی نے کرائی اور ملک سے دہشتگردی کے خاتمے اور پرامن پاکستان کی خصوصی دعا کرائی۔

متعلقہ عنوان :