محکمہ تعلیم کے دفاتر میں عملے کی حاضری جانچنے کے لیے بائیو میٹرک سسٹم متعارف کر دیاہے،محمدعاطف،

اب کوئی بھی ریونیو کا اہلکار کسی سیاسی ایم این اے یا ایم پی اے کے کچن کا خرچہ نہیں چلائیگا ،صوبائی وزیرتعلیم

ہفتہ 28 مارچ 2015 21:37

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ2015ء) صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں محکمہ تعلیم کے دفاتر میں عملے کی حاضری جانچنے کے لیے بائیو میٹرک سسٹم متعارف کر دیا گیا ہے جس کا مقصد دفاتر میں افسروں اور عملے کی حاضری کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت نے تمام اداروں کے اندر سے کرپشن کا خاتمہ کر دیا ہے اور عوام عملی تبدیلی محسوس کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان میں پہلے سروس ڈیلیوری سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اب کوئی بھی ریونیو کا اہلکار کسی سیاسی ایم این اے یا ایم پی اے کے کچن کا خرچہ نہیں چلائیگا اور ایسی سوچ رکھنے والے ایم این اے اور ایم پی اے کیلئے تحریک انصاف میں کوئی جگہ نہیں۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ عوام کو سہولیا ت کی فراہمی کے لیے پہلی با ر جدید ٹیکنالوجی سے کام لیا جارہا ہے اور کمپیوٹرائزیشن سے اداروں کی کارکردگی بہتر ہونے کے ساتھ کرپشن میں کمی آئے گی ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر مال علی امین گنڈہ پور نے کہا کہ مردان میں ریوینو ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن مکمل ہوگئی ہے اور دسمبر 2017 تک پورے صوبے میں لینڈ ریکارڈ کو کمپیوٹرائز کردیا جائے گا اس سلسلے میں تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے ہماری بھرپور سرپرستی کی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں جی آئی ایس سسٹم بھی متعارف کرایا جارہا ہے جس سے اب زمینوں کی لوکیشن بھی سٹلائٹ کی مدد سے نظر میں رکھی جائے گی اور لینڈ ریکارڈ میں گڑ بڑ اور ہیرا پھیری ایک خواب بن جائے گا۔

انہوں نے اس پراجیکٹ کی تکمیل میں ایس ایم بی آر وقار ایوب ، محکمے کے متعلقہ اہلکاروں اور UN HABITAT کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سروس ڈیلیوری سنٹر کا قیام ایک انقلابی قدم ہے جس سے عوام کے مسائل ایک چھت تلے موقع پر حل ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :