طے شدہ منصوبے کے تحت آئی سی سی نے ہندوستان کے دباؤ پر محمد حفیظ اور سعید اجمل پر پابندی لگوائی ، ذکاء اشرف،

پاکستان کرکٹ بورڈ میں کچھ سازشی لوگ موجود ہیں جو کسی طور پر بھی پاکستان کرکٹ کی ترقی نہیں چاہتے، سابق سربراہ

ہفتہ 28 مارچ 2015 21:32

طے شدہ منصوبے کے تحت آئی سی سی نے ہندوستان کے دباؤ پر محمد حفیظ اور سعید ..

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق سربراہ ذکاء اشرف نے کہا ہے کہ ایک طے شدہ منصوبے کے تحت انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے ہندوستان کے دباؤ پر محمد حفیظ اور سعید اجمل پر پابندی لگوائی تاکہ ورلڈ کپ میں پاکستان کی ٹیم ایک کمزور حیثیت سے میدان میں اترے اور یہی وجہ ہے کہ موجودہ ورلڈ کپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکی۔

وہ کلر کہار ریسٹ ہاؤس میں نجی دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر پیر زاہد حسین شاہ، پیر وقار حسین، خواجہ دانیال سلیم اور ریٹائرڈ سیکرٹری یونس بھٹی بھی موجو د تھے۔ ذکاء اشرف نے مزید بتایا کہ میری چیئرمینی کے دورمیں بھی محمد حفیظ اور سعید اجمل پر پابندی لگانے کی کوشش کی گئی تھی مگر پاکستان کرکٹ بورڈ کی بھرپور کوشش کی وجہ سے یہ سازش ناکام بنادی گئی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ محمد حفیظ بطور بلے باز کھیل سکتا تھا مگر چونکے معین خان نے اس وجہ سے محمد حفیظ کو شامل نہیں کیا کیونکہ محمد حفیظ سٹے بازی اور جوئے سے ہمیشہ دور رہتا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں ذکاء اشرف نے بتایا کہ محمد حفیظ کا کپتان بنا کر پاکستان کرکٹ ٹیم کو مضبوط کیا جا سکتا ہے مگر اس کیلئے سخت محنت اور نیک نیتی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت پاکستان کرکٹ بورڈ میں کچھ سازشی لوگ موجود ہیں جو کسی طور پر بھی پاکستان کرکٹ کی ترقی نہیں چاہتے۔

متعلقہ عنوان :