Live Updates

سعودی عرب نے ہمیشہ بغیر کسی شرط پر ہماری مدد کی ،ہر پاکستانی کی اخلاقی اور مذہبی وابستگی سعودی عرب کیساتھ ہے ‘ خواجہ سعد رفیق ،

کسی کی موبائل فون کی آڈیو ٹیپ ریکارڈ کرنا اخلاقی طور پر غلط ہے ،عمران خان بنیادی طور پر اچھے آدمی ہیں ، بولتے بہت زیادہ ہیں ، نائن زیرو پر رینجرز آپریشن کے پیچھے کسی قسم کی کوئی سیاست نہیں ،کراچی میں امن وامان کیلئے ایم کیو ایم کو ایک اہم کردار ادا کرنا ہو گا ، وفاقی وزیر ریلوے کی میڈیا سے گفتگو، ریلوے کے سپورٹس ونگ کا بجٹ 87لاکھ سے بڑھا کر 2کروڑ روپے کرنے کا اعلان

ہفتہ 28 مارچ 2015 21:14

سعودی عرب نے ہمیشہ بغیر کسی شرط پر ہماری مدد کی ،ہر پاکستانی کی اخلاقی ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ2015ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سعودی عرب ہمارے لیے مقدس سر زمین ہے اور ہر پاکستانی کی اخلاقی اور مذہبی وابستگی سعودی عرب کے ساتھ ہے ، سعودی عرب نے ہمیشہ بغیر کسی شرط پر ہماری مدد کی ہے ، کسی کی موبائل فون کی آڈیو ٹیپ ریکارڈ کرنا اخلاقی طور پر غلط ہے جس نے بھی یہ کام کیا اس نے یہ غلط کیا ہے ، ایم کیو ایم کے مرکزہ نائن زیرو پر رینجرز آپریشن کے پیچھے کسی قسم کی کوئی سیاست نہیں ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز 60ویں انٹرڈویژنل ایتھلیٹک چمپئن شپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان میں وہ دور بیت گیا ہے جب سیاست کی آڑ میں کسی کو دیوار سے لگایا جا تا تھا ، حکومت کی کسی سیاسی جماعت سے کوئی پرخاش نہیں ہے ، کراچی ایک بہت پیچیدہ شہر بن گیا ہے جہاں کا سب سے بڑا مسئلہ امن ہے اور اس کے لئے صرف رینجرز آپریشن کافی نہیں ، سیاست کے ذریعے کراچی کی صورتحال کو امن وامان پر لانے کے لئے ایم کیو ایم کو ایک اہم کردار ادا کرنا ہو گا ، ہمارا کام یہ ہے کہ لوگوں کو اکٹھا کریں اور جو لوگ اپنی اپنی جماعتوں کے کنٹرول سے باہر ہو جاتے ہیں ان سے علیحدگی اختیار کر لی جائے ۔

(جاری ہے)

عمران خان کی آڈیو ٹیپ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی کی موبائل فون کی آڈیو ٹیپ ریکارڈ کرنا اخلاقی طور پر غلط ہے جس نے بھی یہ کام کیا اس نے یہ غلط کیا ہے ، جب عمران خان یہ کہتے ہیں کہ یہ ٹیپ ان کی نہیں تو اس پر بات کرنا بیکار ہے ۔ سیاستدان بہت عجیب ہوتے ہیں ایک دوسرے سے لڑتے بھی ہیں اور ایک دوسرے سے باتیں بھی کرتے ہیں ۔

عمران خان کی جانب سے دوبارہ ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے اعلان کے سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان کو خواب آتے ہیں ، وہ بنیادی طور پر اچھے آدمی ہیں لیکن بولتے بہت زیادہ ہیں اور اڑتی چڑیا کی بھی کوئی بات سن کو بیان دے دیتے ہیں ۔ پاکستانی حکومت کی جانب سے سعودی عرب کی مدد کے اعلان پر سے متعلقہ سوال پر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وزارت دفاع اس معاملے میں بہترین جواب دے سکتی ہے اور ویسے سعودی عرب ہمارے لیے مقدس سر زمین ہے ، ہر پاکستانی کی اخلاقی اور مذہبی وابستگی سعودی عرب کے ساتھ ہے ، سعودی عرب نے بھی ہمیشہ بغیر کسی شرط پر ہماری مدد کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال میں 30کروڑ روپے کی رقم سٹاف کوارٹرز کی تعمیر کے لئے رکھی گئی ہے اور ہر سال یہ رقم بڑھا دی جائے گی ، پاکستان ریلویز کے پاس اس برس خرچے کی حد 65ارب روپے تھی لیکن ہم 61ارب روپے پر کلوز کرنے کی کوشش کریں گے ۔ حکومت کی جانب سے 28ارب روپے کمانے کا ہدف دیا گیا تھا جسے کراس کر لیا گیا ہے اور 30ارب سے زیادہ ریونیو کمانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔

جبکہ ریلوے کے پاس اس وقت ساڑھے 4ارب کے اثاثے موجود ہیں ۔ ماضی کی حکومتیں اگر کرپٹ اور نا اہل عناصر کا محاسبہ کر لیتی تو سالانہ آمد ن 70کروڑ کی بجائے 5ارب روپے ہو سکتی تھی ۔ انہوں نے بتایا کہ 20کے قریب کرپٹ اور غیر حاضر رہنے والے افسران کو فارغ کر دیا گیا ہے اور میرٹ کی بنیاد پر نئے لوگوں کو ریلوے میں جگہ دی جا رہی ہے ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے پاکستان ریلوے کے سپورٹس ونگ کے لئے بجٹ میں اضافہ کرتے ہوئے 87لاکھ سے بڑھا کر 2کروڑ روپے کرنے کا اعلان کیا ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات