یمن کی جنگ میں کھودنے کے خطرات اور اثرات کے متحمل نہیں ہو سکتے،اسفندیارولی خان،

بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہونے چاہئیں۔ غیر جماعتی بنیادوں پر انتخابات منعقد کرناآمرانہ پالیسیوں کا تسلسل اور روایت ہے، ہم پہلے ہی سے افغانستان کی جنگ میں حصہ لینے کا اب تک نقصان بھگت رہے ہیں اور ابھی تک جنازے اُٹھا رہے ہیں،سربراہ عوامی نیشنل پارٹی

ہفتہ 28 مارچ 2015 20:57

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ2015ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سربراہ اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ یمن کی جنگ میں کھودنے کے خطرات اور اثرات کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہونے چاہئیں۔ غیر جماعتی بنیادوں پر انتخابات منعقد کرناآمرانہ پالیسیوں کا تسلسل اور روایت ہے۔یہ بات اُنہوں نے چارسدہ میں پی کے 19 کے ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران کہی۔

اُنہوں نے کہا کہ ہم پہلے ہی سے افغانستان کی جنگ میں حصہ لینے کا اب تک نقصان بھگت رہے ہیں اور ابھی تک جنازے اُٹھا رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ تشدد کی بجائے عدم تشدد کیلئے کام کرنا چاہیے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان دوسرے ممالک کے تنازعات میں ملوث ہونے اور حصہ لینے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہونے چاہئیں۔

غیر جماعتی بنیادوں پر انتخابات منعقد کرناآمرانہ پالیسیوں کا تسلسل اور روایت ہے۔ جماعتی بنیادوں پر انتخابات کرانے سے سیاسی پارٹیاں مضبوط اور عوام کا جمہوریت اور سیاسی پارٹیوں پر اعتماد مضبوط ہوگا۔ اُنہوں نے کہا کہ کارکن بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں زور شور سے جاری رکھیں اور رابطوں میں تیزی لائیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اے این پی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت پارٹی پالیسیوں پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔ اس موقع پر ایمل ولی خان ، سردار حسین بابک ، سید عاقل شاہ ، سینیٹر باز محمد خان اور پارٹی کے مرکزی اور صوبائی عہدیداروں کی اکثریت موجود تھی۔