وزیراعلی خیبرپختونخوا کامولانا امیر حمزہ کے قتل کی شدید مذمت،

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا کو واقعے کی فوری تحقیقات ،ملزمان کی جلد ازجلد گرفتاری کی ہدایت

ہفتہ 28 مارچ 2015 20:49

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ2015ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے نوشہرہ کے جید عالم شیخ الحدیث شیخ القران اور مدرسہ جامع مسجد تقویٰ کے مہتمم مولانا امیر حمزہ کے بہیمانہ قتل کی پرزورمذمت کرتے ہوئے اس کو علماء حق اور دینی رہنماؤں کے خلاف سازش قراردیا اور کہا کہ ایسے واقعات کو خیبرپختونخوا میں پرامن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش قراردیا اوراس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

وزیراعلیٰ نے انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا کو واقعے کی فوری تحقیقات اور ملزمان کی جلد ازجلد گرفتاری کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے مرحوم کی دینی اور علمی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مولانا امیر حمزہ کی ناگہانی موت سے ضلع نوشہرہ کے عوام ایک جید اور مخلص عالم دین سے محروم ہو گئے ہیں اور انکی افسوسناک موت سے نوشہرہ کے دینی ، علمی اور سماجی حلقوں میں پیدا ہونے والا خلاء کبھی پر نہیں کیا جا سکے گا ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے مولانا امیر حمزہ کے قتل پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار بھی کیا ہے انہوں نے الله تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ مرحوم کو اپنے جواررْحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو یہ عظیم صدمہ ہمت اور حوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

آمین

متعلقہ عنوان :