Live Updates

حکومت یمن کے معاملے پر یکطرفہ فیصلہ نہ کرے، عمران خان نے انتہائی معقول تجویز دی ہے‘ عبدالعلیم خان،

تحریک انصاف کیخلاف سازشیں کامیاب نہیں ہونگی، حکومت غلطیوں پر غلطیاں کررہی ہے، میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 28 مارچ 2015 20:43

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ2015ء) تحریک انصاف ضلع لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں انتہائی سوچ سمجھ کر اقدام اٹھانے کی ضرورت ہے، کسی عجلت میں حکومت یمن کے معاملے پر یک طرفہ فیصلہ نہ کرے ہمیں اپنے دوست کے ساتھ ساتھ ہمسائیہ ممالک کا بھی خیال رکھنا ہے، خطے کو اس وقت انتہائی نا مساعد حالات کا سامناہے اور موجودہ حالات کے تناظر میں عمران خان نے انتہائی معقول تجویز دی ہے ۔

عبدالعلیم خان نے کینٹ ٹاؤن کے امیدواروں سے ملاقات کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دوبارہ 80کی دہائی کے حالات کا متحمل نہیں ہو سکتاہمیں پہلے ہی ماضی کے تلخ تجربات بھگت رہا ہے اور ہمیں دوبارہ اپنا وزن کسی پلڑے میں ڈالنے سے پہلے سو مرتبہ سوچنا ہوگا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس صورت حال کے پیچھے دوبارہ عالمی سازش کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔

ایک سوال پرعبدالعلیم خان نے کہا کہ بعض وزرا شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار بنتے ہوئے تحریک انصاف کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں وہ اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکیں گے ایسے ہتھکنڈو ں سے وہ اپنے خلاف ہونے والی دھاندلی کی تحقیقات سے بچ نہیں سکیں گے انہوں نے کہا کہ حکومت غلطیوں پر غلطیاں کررہی ہے پی ٹی آئی نے ملکی حالات اور وسیع تر قومی مفاد میں پہلے ہی بہت زیادہ لچک کا مظاہرہ کردیاہے اب حکومت کسی چالاکی سے باز رہے وگرنہ حالات کی ذمہ دار ی حکمرانوں پر ہوگی اور تحریک انصاف کے کارکن احتجاج کا سلسلہ وہیں سے شروع کریں گے جہاں سے چھوڑا تھا۔

دریں اثناء کینٹ ٹاؤن کے بلدیاتی امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دینے کے لیے لاہور آفس میں مشاورت جاری رہی عبدالعلیم خان سے کینٹ کے پارٹی عہدیداران کی ملاقاتیں ہوئی جبکہ سینر صدر لاہور شعیب صدیقی نے پی پی 155اور پی پی 156میں پارٹی امیدواروں کے انٹرویوزاور سفارشات کے حوالے سے بریفینگ دی ۔صدر کینٹ ٹاؤن اویس یونس اور حافظ فرحت عباس بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات