سعودی عرب ہمارا وطن ہے، او آئی سی مشرق وسطیٰ کو جنگ سے بچانے کیلئے فوری اقدامات کرے،حرمین شریفین کا تحفظ ہر مسلمان کا فرض ہے، شاہ سلمان بن عبدالعزیز نہایت زیرک حکمران ہیں ، خداداد صلاحیتوں سے بحران پر قابو پا لیں گے ،مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین کا مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر رد عمل

ہفتہ 28 مارچ 2015 19:33

سعودی عرب ہمارا وطن ہے، او آئی سی مشرق وسطیٰ کو جنگ سے بچانے کیلئے فوری ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ2015ء) مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ سعودی عرب بھی ہمارا وطن ہے اور حرمین شریفین کا تحفظ ہر مسلمان کا فرض ہے، مشرق وسطیٰ کو جنگ سے بچانے کیلئے او آئی سی کو فوری اور موٴثر اقدامات کرنے چاہئیں۔ ہفتہ کو مشرق وسطیٰ کی تازہ ترین صورتحال پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے چوہدری شجاعت نے عرب لیگ اور او آئی سی کے ذریعہ یمن کے تنازعہ کے منصفانہ حل تلاش کرنے پر زور دیتے ہوئے یقین ظاہر کیا کہ سعودی عرب کے حکمران شاہ سلمان بن عبد العزیز السعود میں اتنی قائدانہ و مدبرانہ صلاحیتیں موجود ہیں کہ وہ اس بحران کو جلد از جلد احسن طور پر حل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر آڑے وقت میں اور بیرونی جارحیت کے ہر موقع پر جس طرح کھل کر پاکستان کا ساتھ دیا اور امداد کی ہے ہر پاکستانی اس کیلئے سعودی شاہی خاندان اور عوام کا ممنون و احسان مند ہے اور اس موقع پر سعودی عرب کا بھرپور ساتھ دینا فرض سمجھتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ خادم الحرمین شریفین کی صلاحیتوں سے ذاتی طور پر آگاہ ہیں جب وہ گورنر ریاض تھے تو انہیں چار روز تک ان کے ساتھ رہنے کا موقع ملا جس میں وہ ان کی خداداد صلاحیتوں سے بہت متاثر ہوئے، ان کے دل میں پوری امت مسلمہ باالخصوص پاکستان کیلئے بہت درد اور احساس ہے اور ا نہوں نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور استحکام کیلئے عملی طور پر ساتھ دیا ہے، ہمارے لیے یہ بہترین موقع ہے کہ ہم شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود، شاہی خاندان اور سعودی عوام کی محبت کا اسی جذبہ اور ثابت قدمی سے جواب دیں۔

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ فرقہ واریت سے بالاتر ہو کر مسلمانوں کو باہمی تصادم اور خونریزی سے روکنے کیلئے موٴثر کردار ادا کیا ہے اور موجودہ حکومت کو بھی اب اسی جذبہ سے کام لینا چاہئے۔ انہوں نے یمن میں محصور پاکستانیوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ان کی امداد و انخلاء پر بھی پوری توجہ دینی چاہئے اور ان کی جلد از جلد وطن واپسی کیلئے خصوصی اقدامات کرنے چاہئیں۔