سابق صدر آصف علی زرداری سے مولانا فضل الرحمن کی ملاقات ،مختلف امور پر تبادلہ خیال ، یمن کی صورتحال پر حکومت کو تمام پارلیمانی جماعتوں، پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینا چاہیے،آصف علی زرداری ، بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہونے چاہئیں،یمن کے مسئلے پرتمام جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے ،مولانا فضل الرحمن

ہفتہ 28 مارچ 2015 18:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری سے ہفتہ کو بلاول ہاوٴس میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے ملاقات کی ۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال ،کنٹونمنٹ بورڈز اور دیگر صوبوں میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات ،یمن کی صورت حال اور اس معاملے پر حکومت کی موجودہ پالیسی سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

ذرائع نے بتایا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ یمن کی صورت حال پر حکومت کو تمام پارلیمانی جماعتوں اور پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینا چاہیے اور تمام حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے متفقہ حکمت عملی مرتب کی جائے ۔سابق صدر نے کہا کہ یمن کی صورت حال پر کوئی بھی فیصلہ کرنے سے قبل حکومت کو آل پارٹیز کانفرنس بلانی چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات غیر جماعتی بنیادوں پر کرانے کا حکومتی فیصلہ غیر جمہوری ہے ۔

اس معاملے پر دیگر جماعتوں سے بھی مشاورت کریں گے ۔کنٹونمنٹ بورڈز میں انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہونے چاہئیں تاکہ عوام آئین اور قانون کے مطابق اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں ۔اس موقع پر مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ یمن کی صورت حال پر حکومت تمام جماعتوں کو اعتماد میں لے کر فیصلہ کرے ۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہونے چاہئیں ۔دونوں رہنماوٴں میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ موجودہ سیاسی صورت حال اور دیگر امور پر رابطوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا ۔