دیہی علاقوں کیلئے ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ ” خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام“ شروع کرنے کا فیصلہ ،

وزیراعلیٰ نے دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے انقلابی منصوبے کی منظوری دیدی ، 3 برس میں150 ارب روپے خرچ ہونگے، پہلے مرحلے میں رواں مالی سال15 ارب روپے کی لاگت سے 2100 کلومیٹر طویل 255 سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام مکمل کیا جائیگا ، دیگر ترقیاتی منصوبوں کی طرح خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام میں معیار، شفافیت اور برق رفتاری کو یقینی بنایا جائیگا‘ وزیراعلیٰ پنجاب

ہفتہ 28 مارچ 2015 18:10

دیہی علاقوں کیلئے ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ ” خادم پنجاب دیہی ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب کے دیہی علاقوں کی سڑکو ں کی تعمیر و بحالی کیلئے پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام” خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام“ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے انقلابی منصوبے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ مرحلہ وار پروگرام کے تحت 3برس میں دیہی علاقوں کی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے پروگرام پر مجموعی طور پر150 ارب روپے خرچ ہوں گے۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 3 برس میں مرحلہ وار پروگرام کے تحت پنجاب کی تمام دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام 150 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پہلے مرحلے میں 15 ارب روپے کی لاگت سے رواں مالی سال میں 255 سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام مکمل کیا جائے گا اور تمام سڑکیں کارپٹڈ اور 12 فٹ چوڑی ہوں گی ۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں دیہی علاقوں کی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا یہ سب سے بڑا پروگرام ہے۔

جس سے دیہی معیشت میں انقلاب برپا ہوگا۔ دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی سے زرعی معیشت تیزی سے پھلے پھولے گی اور دیہی علاقے کے لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ دیہی عوام کو آمدورفت کی تیز رفتار سہولتوں کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ انہو ں نے کہا کہ خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام میں شفافیت کو سابق منصوبوں کی طرح یقینی بنایا جائے گا۔ سڑکوں کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے تھرڈ پارٹی آڈٹ لازمی ہوگا۔

رواں مالی سال دیہی علاقوں کی 2100 کلومیٹر طویل سڑکو ں کی تعمیر و بحالی کا کام مکمل کیا جائے گا۔ خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام کا آغاز اگلے ماہ کیا جا رہا ہے۔ سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزراء تنویر اسلم ملک ڈاکٹر فرخ جاوید، سیکرٹریز تعمیرات و مواصلات، خزانہ، اطلاعات ، منصوبہ بندی و ترقیات ، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، پریس سیکرٹری وزیراعلیٰ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :