اللہ کی راہ میں جان نچھاورکرنیوالے لوگ افضل ہیں، انکی قربانیو ں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،کمانڈر سدرن کما نڈ،اب حالات کی بہتری ناگزیر ہے ، کوئی دشمن ہمیں میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، شہدا کی مالی معاونت کی بہتر ی اور لواحقین کی دیکھ بھال کیلئے ہم نے ایک جامع پالیسی ترتیب دی ہے،،چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ، آئی جی ایف سی ، آئی جی پولیس ، او ر دیگر کا یوم شہداء ڈے پر خطاب، تقریب کے اختتام پر شہدا کے لواحقین میں شیلڈ تقسیم کی گئیں

جمعہ 27 مارچ 2015 22:56

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 مارچ۔2015ء) کمانڈر سدرن کما نڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر جنجوعہ نے کہا ہے کہ ہم سے وہ لوگ افضل ہیں جو اللہ کی راہ میں جان نچھاور کرتے ہیں ہم انکی قربانیو ں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں پیاروں کا غم بھلایا نہیں جاتا میں آج بھی شہدا کے لواحقین کی آہ و بکا اپنے کانوں میں محسوس کرتا ہوں۔یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز بلوچستان سپورٹس فیسٹول میں یوم شہداء ڈے کی تقریب جو بوائے اسکاوٹس ہیڈکوارٹر میں منعقدہوئی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

کمانڈر سدرن کمانڈ نے کہاکہ جواللہ کی راہ میں لڑتے ہوئے جان دیتے ہیں وہ شہید کا رتبہ پاتے ہیں ہم انکی قربانی کو کبھی نہیں بھول پائیں گئے ان کا کہنا تھا کہ تقریبا 50ہزار کے قر یب ہمارے عام شہریوں نے شہادتیں دیں پانچ ہزار سے زائد پاک فوج کے جوانوں کی شہادتیں ہوئی ہیں، اور اسی طرح بے تحاشا ہماری پولیس کیاہلکاروں کی شہادتیں ہوئی ہیں ہمیں ان سب کا احساس ہے انھوں نے بد امنی پھیلانے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ وہ اسی دھرتی کے رہنے والے ہیں خود بتائیں کہ وہ کس کو مار کر کس کی خدمت اور کس کا نقصان کر رہے ہیں وہ اس فعل سے باز آجائیں بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد نور مسکا نزئی نے کہاکہ ہماری قوم نے کافی قربانیاں دی ہیں اب حالات کی بہتری ناگزیر ہے ہم اپنے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں انکے لواحقین کی عز ت و تکریم ہمارا مشن ہے لیکن یہ بات طے ہے کہ اب ملک میں مزید دہشتگردی نہیں رہیگی عوام قانون کی پاسداری اور ملک سے وفادار رہیں ریاست انکی جا ن و مال کے تحفظ کی ذمہ داری نبھائے گی۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری سیف اللہ چٹھہ،آئی جی ایف سی شیر افگن،آئی جی پولیس عملیش خان نے خطاب کرتے ہو ئے شہدا کو خراج عقیدت اور انکے لواحقین کی ہمت اور حوصلہ کو قابل قدر قرار دیتے ہوئے کہاکہ ملک و صوبے کے تحفظ کیلئے پولیس،ایف سی ،لیو یز اور زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد کی جا نب سے قربا نیا ں اس بات کا مظہر ہے کہ کوئی دشمن ہمیں میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا انھوں نے کہاکہ شہدا کی مالی معاونت کی بہتر ی اور لواحقین کی دیکھ بھال کیلئے ہم نے ایک جامع پالیسی ترتیب دی ہے جلد اس پر عمل درآمد کیا جائیگا۔

تقریب میں چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ، جسٹس محمد نور مسکانزئی مہمان خصوصی تھے کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر جنجوعہ، آئی جی ایف سی میجر جنرل شیر افگن،آئی جی پولیس محمد عملش، چیف سیکر ٹری سیف اللہ چٹھہ اور دیگر حکام بھی تقریب میں شریک تھے تقریب کا مقصد دہشت گردی اور تخریب کاری کی مختلف کاروائیوں میں شہید پولیس، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے افسران اور اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیاجاناہے تقریب کے اختتام پر شہدا کے لواحقین میں شیلڈ تقسیم کی گئیں۔