اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز کے سامنے پاکستانی مسیحیوں کا احتجاجی مظاہرہ، سانحہ یوحنا آباد اور مذہبی آزادی کیلئے یاداشت پیش

جمعہ 27 مارچ 2015 22:05

اسلام آباد/نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 مارچ۔2015ء) سابق وفاقی وزیر برائے اقلیتی اموراور مسلم لیگ(ق) اقلیتی ونگ کے صدر اکرم مسیح گل نے سانحہ یوحنا آباد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مسیحیوں کے خلاف ظالمانہ کاروائیاں بند کرے، حکومت مسیحیوں کو حراساں اور گرفتارکرنے کی بجائے انہیں تحفظ فراہم کرے اور گرفتار مسیحیوں کوفوراً رہا کرے، حکومت سانحہ یوحنا آباد کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کی بجائے امتیازی سلوک کر رہی ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے اسی حلقے یوحنا آباد سے قومی و صوبائی اسمبلیوں کیلئے الیکشن لڑا اور جیتا لیکن اس کے باوجود انہوں نے اپنے حلقے میں اظہار تعزیت کے لیے جانا بھی گوارہ نہیں کیا ،ان کے اس رویے نے اکثریت اور اقلیت میں تفرقہ پیدا کیا ہے، اکرم مسیح گل نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم پاکستان ، چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف آف آرمی سٹاف غیر مسلموں کے جان و مال کے تحفظ اور مذہبی آزادی کو یقینی بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کرے کیونکہ غیر مسلموں کے ساتھ امتیاز ی سلوک کی وجہ سے آج پوری دنیا پاکستان پر تنقید کر رہی ہے ،انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ایک اسلامی ریاست میں میسر غیر مسلموں کے حقوق دینے میں بھی ناکام رہی ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک امریکہ ایسوسی ایشن ، یونائیٹڈ پلیٹ فارم پاک امریکہ کمیونٹی، گلوبل کرسچن موومنٹ، ہینڈ اِن ہینڈ و دیگر تنظیموں کے زیر اہتمام اقوام متحدہ کے ہیڈ کوآرٹر کے سامنے سانحہ یوحنا آباد کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لئے منعقدہ احتجاجی مظاہرہ سے کیا ، اس موقع پر سابق ایم پی اے پرویز رفیق، ولیم شہزاد، طارق رحمت، زیبا گل، فادر الیاس گل و دیگر نے اظہار خیال کیا ، احتجاجی مظاہرہ کے بعد اقوام متحدہ میں سانحہ یوحنا آباد کی مذمت ،گرفتار مسیحیوں کی رہائی اور پاکستان میں مذہبی آزادی کو یقینی بنانے کے حوالے سے یاداشت بھی پیش کی گئی۔

متعلقہ عنوان :