انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کا ججز نظربندی کیس میں پرویز مشرف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کے ساتھ میڈیکل رپورٹ جمع نہ کرانے پر برہمی کا اظہار

جمعہ 27 مارچ 2015 21:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 مارچ۔2015ء) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج سہیل اکرام نے ججز نظربندی کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کے ساتھ میڈیکل رپورٹ جمع نہ کرانے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ ملزم کے وکیل نے عدالت کو یقین دہانی کرائی ہے کہ آئندہ سماعت پر میڈیکل رپورٹ پیش کر دی جائے گی۔

جمعہ کو عدالت نے ججز نظر بندی کیس کی سماعت کی تو سابق پرویز مشرف کے وکیل نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرائی جس پر پراسیکیوٹر عامر ندیم تابش نے اعتراض اٹھاتے ہوئے موقف اختیار کیاکہ درخواست میڈیکل رپورٹ کے بغیر جمع کرائی گئی ہے لہذا اسے منظور نہ کیا جائے۔ فاضل جج نے بھی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر میڈیکل رپورٹ پیش نہ کی گئی تو ملزم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

پرویز مشرف کے وکیل نے کہا کہ آخری موقع دے دیں ، آئندہ سماعت پر بیماری کا مکمل ریکارڈ پیش کر دیں گے۔ پراسیکیوٹر عامر ندیم تابش نے میڈیا سے گفت گو میں کہا کہ کیس تعطل کا شکار ہے، استغاثہ کے 47 میں سے اب تک صرف 15 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ اب تک مقدمہ کے 8 تفتیشی افسر تبدیل ہوئے۔ نئے تفتیشی افسر کے بارے میں بھی نہیں بتایا گیا۔ کیس کی مزید سماعت 10 اپریل کو ہو گی ۔

متعلقہ عنوان :