ایم کیو ایم کے وفد کی وزیراعظم سے ملاقات،نائن زیروکے اطراف میں آپریشن پرتحفظات سے آگاہ کیا، ہماری سیاسی ساکھ کو نقصان پہنچایاگیاایساتاثردیاگیاکہ نائن زیرو پرجرائم پیشہ افراد اوراسلحہ رکھاگیاتھا،فاورق ستار،وزیراعظم سے کہاکہ صولت مرزا کی ویڈیوکس نے بنائی اورکس نے جاری کی،اصل حقائق بتائے جائیں،میڈیا سے بات چیت،آڈیوٹیپ سے عمرا ن خان کاصل چہرہ سامنے آگیا،ریاستی ادارے پرحملے پرخوش تھے،خالدمقبول صدیقی،کراچی آپریشن جرائم پیشہ ،ٹارگٹ کلرز اوربھتہ خوروں کیخلاف ہے،رخ کسی سیاسی جماعت کی طرف تھا نہ ہی موڑاجائیگا،خواجہ سعدرفیق

جمعہ 27 مارچ 2015 20:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 مارچ۔2015ء) ایم کیو ایم کے وفد نے وزیراعظم میاں محمدنوازشریف سے ملاقات میں نائن زیرو کے اطراف میں آپریشن پراپنے تحفظات سے آگاہ کیا اوروزیراعظم سے درخواست کی کہ وہ حقائق معلوم کریں،حکومت نے ایم کیوایم کو یقین دہانی کرائی کہ کراچی آپریشن جرائم پیشہ ،ٹارگٹ کلرز اوربھتہ خوروں کیخلاف ہے اس کارخ کسی سیاسی جماعت کی طرف تھا نہ ہی موڑاجائیگا،ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما فاروق ستارنے کہاکہ ہماری سیاسی ساکھ کو نقصان پہنچایاگیاایساتاثردیاگیاکہ نائن زیرو پرجرائم پیشہ افراد اوراسلحہ رکھاگیاتھا۔

جمعہ کو ایم کیو ایم کے وفد نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم میاں محمدنوازشریف سے ملاقات کی ایم کیوایم کے وفد میں ڈاکٹرفاروق ستار، عبدالرشید گوڈیل ا ورخالدمقبول صدیقی شامل تھے جبکہ وزیراعظم کی طرف سے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق،وزیراطلاعات پرویزرشید اوروزیراعظم کے پولیٹیکل سیکرٹری آصف کرمانی نے معاونت کی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں ایم کیو ایم نے کراچی میں آپریشن ، نائن زیروکے اطراف پررینجرز کے چھاپے اورمجموعی سیاسی وامن وامان کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیاگیا۔

ذرائع کے مطابق ایم کیوایم نے وزیراعظم کو نائن زیرو کے اطراف میں چھاپے سے متعلق حقائق سے آگاہ کیا اور انہیں کچھ شواہد پیش کئے ملاقات میں صولت مرزا کی ویڈیو پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا ایم کیو ایم نے وزیراعظم سے شکایت کہ ایم کیو ایم کامیڈیا ٹرائل کیاجارہا ہے وزیراعظم حقائق معلوم کریں اس موقع پر وزیراعظم نے ایم کیو ایم کو یقین دہانی کرائی کہ وہ تمام حقائق کی معلومات کرینگے ۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایم کیوایم کے رہنما ڈاکٹرفاروق ستار نے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ اگر نائن زیرو کے اطراف میں کچھ مطلوب افراد یاکریمینل تھے تو ان کو گرفتار کیاجاناچاہیے تھا نائن زیرو کوبھی شامل کرنا اور یہ تاثر دینا کہ مطلوب افراد نائن زیرو سے ملے ہیں یہ حقائق کے منافی ہے وزیراعظم سے کہاہے کہ وہ اصل حقائق تک پہنچیں ہماری سیاسی ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایاگیا ہے اور یہ تاثرقائم کیاگیا ہے کہ چھاپہ نائن زیرو پرمارا گیاہے ہمارا میڈیا ٹرائل کیاجارہا ہے انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے لائسنس یافتہ اسلحہ کے کاپیاں وزیراعلیٰ سندھ ،ڈی جی رینجرزاور ہم سیکرٹری کو بھجوادی ہیں لوگوں کو تاثر دیاگیا ہے کہ جیسے ہم نے ناجائز اسلحہ رکھا ہوا ہے انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم نے نائن زیرو پرکسی جرائم پیشہ افراد یا کسی الزام میں ملوث ملزم کو نہ پناہ دی ہے اورنہ ہی کسی کو وہاں سے گرفتار کیاگیا ہے کچھ لوگ نائن زیرو کے اطراف سے گرفتار کئے گئے ہیں ایم کیوایم انٹیلی جنس ادارہ نہیں ہے کہ کون قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو مطلوب ہے اورکون نہیں ہے اورنہ ہی ہمارے پاس تصویریں ہیں نہ ہی معلومات۔

اگر ہمارے پاس معلومات ہوں تو ہم تعاون کیلئے تیار ہیں انہوں نے کہاکہ ہر روز نائن زیرو پر تین ہزار وزٹر آتے ہیں کسی کے ماتھے پرنہیں لکھا ہوا کہ وہ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو مطلوب ہے جب تک ہمیں ہمارے ساتھ معلومات اوراطلاعات شیئر نہیں کی جائیں گی ہم کیسے ذمہ داری اٹھاسکتے ہیں سائرہ باجی کے گھر پرجانا لائسنس یافتہ اسلحے کی تشہیر کرنا ہماری ساکھ خراب کرنے کی کوشش ہے عامرخان اورہمارے ساتھیوں کی آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر انہیں ایسے پیش کرنا جیسے کسی دہشتگرد کو بھی پیش نہ کیا ہو ملزم اورمجرم میں فرق واضح کرناچاہیے انہوں نے کہا کہ سائرہ باجی شوگر کی مریض ہیں اورایک ملازمہ کے ساتھ رہتی ہیں لیڈیزپولیس کے بغیر ان کے گھرپرچھاپہ مارکرہمارے زخموں پرنمک پاشی کی گئی ہے وزیراعظم سے کہاہے کہ ہمارے ساتھ ہونیوالی زیادتی اورمیڈیا ٹرائل پران کا فرض ہے کہ وہ حالات کی تحقیقات کریں اوردہشتگرد اورجرائم کے خاتمے میں ہمارے تعاون کو سراہاجائے۔

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ وزیراعظم نے ہماری بات سنی اوروعدہ کیا کہ وہ اس حوالے سے حقائق معلوم کرینگے اورزیادتی دور کرنے کی کوشش کی جائے گی انہوں نے کہاکہ کراچی میں آپریشن ایم کیو ایم کے مطالبے پرکیا گیا ہماری نیک نیتی پر شک نہ کیاجائے ہمیں خدشات تھے کہ اس لئے مطالبہ کیاتھا کہ آپریشن کے ساتھ ساتھ مانیٹرنک کمیٹی قائم کی جائے تاکہ واقعات کے ایک رخ کاپتہ نہ چلے لیکن کمیٹی نہیں بنی ہمارا حق ہے کہ جن لوگوں نے کیچڑاچھالااس چیز کے اصل حقائق سامنے لائیں عمران خان کی ویڈیو ٹیپ کے حوالے سے سوال کے جواب میں خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ ویڈیو ٹیپ کے بعد عمران خان کااصل چہرہ سامنے آجاناچاہیے ریاستی ادارے پرحملہ ہورہاتھا اورعمران خان اس کو سراہ رہے تھے اوراس میں شدت لانے کاکہہ رہے تھے انہوں نے جو پہلے بھی کیا ہے اس کو بھی تسلیم نہیں کیا اب اس کووہ تسلیم کریں اوربتائیں کہ کیاسلسلہ تھا ایم کیوایم سے مدد لینے کی کوشش کی گئی تحریک انصاف ایک سیاسی جماعت ہے جتنی سیاسی جماعتوں میں بات ہوتی ہے ہماری آپس میں بات ہوتی رہی ہے صولت مرزا کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہاکہ ایم کیو ایم کے خلاف پہلے بھی بیانات آتے رہے ہیں یہ چارج شیٹ کیسے بن سکتی ہے بلیک وارنٹ جاری ہوگئے پھرویڈیو کامنظر عام پر آنا قانون اس کی اجازت نہیں دیتا اسے کہاگیا ہوگاکہ وقت بڑھادیتے ہیں تم یہ لکھا ہوا پرچہ پڑھ دو ایک سوال کے جواب میں فاروق ستار نے کہا کہ ہم نے وزیراعظم سے پوچھا ہے کہ صولت مرزا کی ویڈیو کس نے بنائی اور کس نے جاری کی ہم نے اس سوالات کے جواب مانگے ہیں وزیراعظم نے کہا ہے کہ وہ معلوم کرینگے انہوں نے کہاکہ نائن زیرو پر کبھی ناجائز اسلحہ نہیں رہاناجائز اسلحہ نہ کل تھا نہ آج ہے اورنہ ہی آئندہ ہوگا ایم کیو ایم نے جرائم پیشہ عناصر کونہ کل پناہ دی تھی نہ آئندہ دینگے اس کے برعکس ہماری ساکھ کو نقصان پہنچایا گیاجس کاازالہ ہوناچاہیے ٹارگٹ کلنگ کم ہونے کے حوالے سے سوال کے جواب میں خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ جو اس کام میں لگے ہوئے تھے ان کاسوئچ آف کردیاگیا ہوگا۔

بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ حکومت نے ایم کیوایم کے وفد کو یقین دہانی کرائی ہے کہ کراچی آپریشن جرائم پیشہ ،ٹارگٹ کلر اوربھتہ خوروں کیخلاف کیاجارہاہے اس کارخ نہ کسی سیاسی جماعت کی طرف تھا اورنہ ہی موڑا جائیگا انہوں نے کہاکہ کراچی آپریشن کو ایم کیو ایم سمیت تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل تھی ہم نے باورکرایا ہے کہ حکومت سب کو ساتھ لیکرچلناچاہتی ہے تاہم جن سیاسی جماعتوں کی صفوں کے اندر یاباہر قانون کو ہاتھ میں لینے والے عناصر موجود ہیں ان کاساتھ کسی کو نہیں دیناچاہیے ایم کیو ایم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اگر انہیں اعتماد میں لیاجائے تو وہ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے ساتھ پہلے بھی تعاون کرتے رہے ہیں اورآئندہ بھی تعاون کرینگے ایم کیو ایم نے حکومت کوکچھ مواد بھی دیا ہے ایک سوال کے جواب میں سعد رفیق نے کہاکہ براہ راست کسی کو حرف تنقید نہیں بنایاجاناچاہیے یہ ایک حقیقت ہے کہ سیاسی جماعتوں کی صفوں میں مسلح عناصرموجود ہیں اوریہ بات کراچی کابچہ بچہ جانتا ہے کراچی میں انڈر ورلڈ بھی موجود ہے اس حوالے سے بعض سیاسی جماعتوں کے بارے میں کہابھی جاتارہا ہے جس کے شواہد بھی موجود ہیں عزیر بلوچ جیسے کردار بھی سامنے ہیں انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم نے جو شکایات پیش کی ہیں حکومت نے انہیں سنجیدگی کے ساتھ سناہے کسی کے ساتھ زیادتی ہوئی تو اس کاازالہ کیاجائیگا صولت مرز کی ویڈیو ٹیپ کے حوالے سے سوال کے جواب میں خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ ڈیتھ سیل میں ویڈیو بنناتعجب کی بات ہے وہاں تو کسی کو ملنے بھی نہیں دیاجاتا صولت مرزا کے ڈیتھ وارنٹ کے نوٹیفکیشن کے واپسی کامعاملہ صوبائی ہے ۔