Live Updates

عمران خان خارجہ پالیسی اور حساس ملکی معاملات سے نابلد ہیں، ہر بار کی طرح ان کا دوغلا پن پھر پکڑا گیا، وہ آڈیو ٹیپ کا جواب نہیں دے سکے ،عمران اور علوی کی آڈیوٹیپ نے دھرنے کی حقیقت واضح، جاوید ہاشمی کے الزامات سچ ثابت کر دیئے، پی ٹی وی پر حملے کے حوالے سے پی ٹی آئی کا نام شامل کیا جا ناچاہئے ، وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشیدعمران خان کے بیان اورآڈیو ٹیپ پر رد عمل کا اظہار

جمعہ 27 مارچ 2015 19:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 مارچ۔2015ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان خارجہ پالیسی اور حساس ملکی معاملات سے نابلد ہیں، ہر بار کی طرح خان صاحب کا دوغلا پن پھر پکڑا گیا، خان صاحب ٹیپ کا جواب نہیں دے سکے، عمران خان، عارف علوی کی آڈیوٹیپ نے دھرنے کی اصل حقیقت واضح کر دی، ٹیپ نے جاوید ہاشمی کے الزامات سچ ثابت کر دیئے، پی ٹی وی پر حملے کے حوالے سے پی ٹی آئی کا نام شامل کیا جانا چاہیے، وزیر اعظم کے خلاف نازیبا زبان کے استعمال پر ایکشن ہونا چاہیے۔

وہ جمعہ کوعمران خان اور عارف علوی کی پی ٹی وی پر حملے سے متعلقمنظر عام پرآنے والی نجی گفتگو پر مبنی آڈیوٹیپ اور عمران خان کے بیان پررد عمل ظاہرکررہے تھے ۔

(جاری ہے)

عمران خان کے بیان پراپنے رد عمل میں سینیٹرپرویز رشید نے کہا کہ قوم کے سامنے جھوٹ نہ بولنے کا دعویٰ کرنے والے بار بار جھوٹ بولتے ہیں، ہر بار کی طرح خان صاحب کا دوغلہ پن ایک بار پھر پکڑا گیا۔

انہوں نے کہا کہ خارجہ پالیسی ہوش سے بنائی جاتی ہے، آپ خارجہ پالیسی اور حساس معاملات پر بیان بازی نہ کریں، برادر اسلامی ملک سے ہمارے دور میں اچھے تعلقات رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خان صاحب اب پارلیمنٹ جعلی نہیں ہے اور ٹیپ ریکارڈنگ کا جواب نہیں دے سکے۔ جبکہ آڈیو ٹیپ بارے ردعمل میں پرویز رشید نے کہا کہ ٹیپ نے دھرنے کی اصل حقیقت واضح کر دی، دھرنا منتخب جمہوری حکومت کے خلاف سازش تھی، تحریک انصاف چور دروازے سے اقتدار حاصل کرنا چاہتی تھی، ٹیپ نے جاوید ہاشمی کے الزامات سچ ثابت کر دیئے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی پر حملے کے حوالے سے تحریک انصاف کا نام شامل کیا جانا چاہیے۔ وزیر اعظم کے خلاف نازیبا زبان کے استعمال پر عمران خان کے خلاف ایکشن ہونا چاہیے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات