ارکان پارلیمنٹ اور عوام ارتھ آور کے موقع پر رضاکارانہ لائٹوں کو بند رکھیں، 2015کے آخر میں پارلیمنٹ کی توانائی کی ضروریات شمسی توانائی کے ذریعے پوری کی جائینگی،اسپیکر قومی اسمبلی کا ارتھ آور کے موقع پر توانائی کی بچت پر زور

جمعہ 27 مارچ 2015 19:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 مارچ۔2015ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ارکان پارلیمنٹ اور پاکستان کی عوام پر زور دیا ہے کہ وہ ارتھ آور کے موقع پر اقوام عالم کے ساتھ رضاکارانہ طور پر لائٹوں کو بند رکھیں تاکہ توانائی کی بچت کی جاسکے۔ ارتھ آور کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں سپیکر نے کہا کہ پوری قوم کو 28مارچ کے دن پوری دنیا کے ساتھ مل کر ایک گھنٹہ توانائی کی بچت کرنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں پوری دنیا کو ارتھ آور منانے سے یہ پیغام دینا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور اس سلسلے میں عالمی برادری کے ساتھ مل کے انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے بخوبی ذمہ داریاں انجام دے رہا ہے۔اس موقع پر سردار ایاز صادق نے کہا کہ 2015 کے آخر میں پاکستان کی پارلیمنٹ دنیا کی پہلی پارلیمنٹ ہوگی جس کی برقی توانائی کی ضروریات شمسی توانائی کے ذریعے پوری کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں چین کی حکومت کے ہم شکر گزار ہیں جن کے تعاون سے یہ منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچے گا۔ اسپیکر نے یقین دہانی کرائی کہ اس موقع پر پارلیمنٹ کی تمام لائٹیں بند رہیں گی تاکہ ہم دنیا کو درپیش ماحولیاتی تغیر اور گلوبل وارمنگ جیسے چیلنجز کا سامنا کرسکیں۔واضح رہے کہ دنیا بھر میں ارتھ آور( کل )ہفتہ 28مارچ کو رات 8:30 بجے سے 9:30بجے تک منایا جائے گا۔