پاکستان دنیا میں قیام امن کیلئے تمام تنازعات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتا ہے ، مشرق وسطیٰ کی صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے ، پاکستان نے بھارت کے ساتھ مسئلہ کشمیر سمیت تمام متنازعہ امور مذاکرات سے حل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ، امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرایا جائے گا،اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کی ممتاز پاکستانی تاجروں تنویر اصغر اور میاں ذاکر نسیم سے ملاقات میں گفتگو

جمعہ 27 مارچ 2015 19:39

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 مارچ۔2015ء) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ پاکستان جنوبی ایشیاء سمیت دنیا میں قیام امن کیلئے تمام تنازعات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتا ہے ، مشرق وسطیٰ کی صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے ، پاکستان کی حکومت نے بھارت کے ساتھ مسئلہ کشمیر سمیت تمام متنازعہ امور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے ، امریکہ میں مقیم پاکستانی ملک کی تعمیر وترقی کیلئے خصوصی اہمیت کے حامل ہیں اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرایا جائے گا ۔

وہ ممتاز پاکستانی تاجروں تنویر اصغر اور میاں ذاکر نسیم سے ملاقات کے دوران بات چیت کررہی تھیں ۔ دونوں رہنماؤں نے ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو نیوریارک اور دیگر ریاستوں میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل سے آگاہ کیا اور پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے ان کی تعیناتی کا غیر مقدم کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ ڈاکٹر ملیحہ لودھی کے دور میں اقوام متحدہ میں پاکستان کا موقف بہتر انداز میں اجاگر ہوگا اور ناصرف جنوبی ایشیا بلکہ دنیا میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی پالیسیوں کو عالمی سطح پر سراہا جائے گا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ انہیں وزیراعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ میں پاکستان کا مستقل مندوب مقرر کیا ہے اور وہ عالمی فورمز پر پاکستان کا موقف بہتر انداز میں اجاگر کریں گی اور پاکستان کے امیج کو دنیا میں بہتر بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہی پاکستانی کمیونٹی کے دیگر رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کرینگی ۔ اس موقع پر 14 اگست کو یوم آزادی کے موقع پر نیو یارک میں تاریخی پریڈ کے انعقاد کے امور پر بھی بات چیت کی گئی ۔