سعودی عرب اور حرمین شریفین پر جارحیت کی گئی تو پورا عالم اسلام متحد ہوکر اس کا مقابلہ کریگا‘ سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام کیلئے پاکستان کو ہر ممکن تعاون کرنا چاہئے، حوثی باغیوں نے غیر ملکی ایماء پر یمن کی قانونی حکومت کو یرغمال بنایا،سعودی عرب نے ہر مشکل مرحلے میں پاکستان کی مدد کی ،پاکستانی قوم سعودی عرب کو مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑیگی،پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کا مذہبی اجتماع سے خطاب

جمعہ 27 مارچ 2015 19:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 مارچ۔2015ء) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہاہے کہ سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام کیلئے پاکستان کو ہر ممکن تعاون کرنا چاہئے،اگرسعودی عرب اور حرمین شریفین پر جارحیت کی گئی تو پورا عالم اسلام متحد ہوکر اس کا مقابلہ کرے گا،حوثی باغیوں نے غیر ملکی ایمأ پر یمن کی قانونی حکومت کو یرغمال بنایا،سعودی عرب نے ہر مشکل مرحلے میں پاکستان کی مدد کی ،پاکستانی قوم سعودی عرب کو مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑیگی ۔

وہ جمعہ کو جامع مسجد خلفائے راشدین  ،جوہر ٹاؤن میں ”تحفظ حرمین “ کے عنوان پر ہونے والے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر مولانا زاہد محمود قاسمی،مولانا ایوب صفدر،مولانا نعمان حاشر،مولانا عمار بلوچ،مولانا محمد احمد ندیم، مولانا عبد القیوم ،مولانا مشتاق لاہوری ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان کو کسی فرقہ وارانہ جنگ میں فریق نہیں بننا چاہئے لیکن سعودی عرب اور جغرافیائی سرحدوں کو خطرہ ہونے کی صورت میں افواج پاکستان کو جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کیلئے بھیجا جانا چاہئے۔

سعودی عرب نے ہر مشکل مرحلے میں پاکستان کی مدد کی ہے اور پاکستانی قوم سعودی عرب کو مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔ یمن میں حوثی باغیوں کی مدد کرنے والے ممالک مشرق وسطیٰ کے امن سے کھیلنا چاہتے ہیں ان ممالک کو باز آنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ1980ء کے بعد خلیجی ممالک اور پاکستان میں ایک فرقہ کے انقلاب کو مسلط کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔

ایسا کرنے والے دنیا کے امن کو خطرے میں ڈال رہے ہیں ۔حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ مشرق وسطیٰ بالخصوص یمن اور سعودی عرب کی صورتحال پر او،آئی،سی کا اجلاس بلایا جائے اور یمنی باشندوں کے غیر ملکی ایمأ پر یرغمال بنائی جانیوالی حکومت کو آزاد کروایا جائے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور یمن کی صورتحال پر پاکستان کا موٴقف قوم کی ترجمانی ہے اور حکومت کو دنیا پر واضح کردینا چاہئے کہ سعودی عرب پر کسی قسم کی جارحیت قبول نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل سعودی عرب کی صورتحال پرپاکستان کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کا اجلاس بلائیگی جس میں مشاورت کے بعد لائحہ عمل تیار کیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :