جماعةالدعوة کے زیر اہتمام مختلف شہروں میں سعودی عرب کی حمایت اور سرزمین حرمین الشریفین کے تحفظ کیلئے زبردست مظاہرے ،سعودی عرب کے خلاف سازشوں کے توڑ کیلئے ملک گیر سطح پر بھرپور تحریک چلانے کا اعلان ،شرکاء کی زبردست نعرے بازی ،تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کوایک پلیٹ فارم پر متحد کیاجائیگا،ایران کو بھی عالم اسلام کا حصہ بننا چاہیے ‘ا میرجماعت الدعوة پروفیسر حافظ سعید ، عبدالرحمن مکی اور دیگر رہنماؤں کا مظاہروں اور اجتماعات سے خطاب

جمعہ 27 مارچ 2015 19:07

جماعةالدعوة کے زیر اہتمام مختلف شہروں میں سعودی عرب کی حمایت اور سرزمین ..

لاہور/اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 مارچ۔2015ء) جماعةالدعوة پاکستان کے زیر اہتمام لاہور اور اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں سعودی عرب کی حمایت اور سرزمین حرمین الشریفین کے تحفظ کیلئے زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے جن میں طلباء، وکلاء ، تاجروں اور سول سوسائٹی سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

اس موقع پر شرکاء کی جانب سے سعودی عرب کے حق میں زبردست نعرے بازی کی گئی۔مظاہرو ں سے خطاب میں حافظ محمد سعید، عبدالرحمن مکی، مولانا امیر حمزہ و دیگر نے سعودی عرب کے خلاف سازشوں کے توڑ کیلئے ملک گیر سطح پر بھرپور تحریک چلانے کا اعلان کیا اور کہا ہے کہ اس مقصد کیلئے متفقہ لائحہ عمل ترتیب دینے کیلئے جلد بڑی اے پی سی بلائی جائے گی اورتمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کوایک پلیٹ فارم پر متحد کیاجائے گا۔

(جاری ہے)

ایران کو بھی عالم اسلام کا حصہ بننا چاہیے اورصیہونی سازشوں کا شکار ہونے کی بجائے حرمین الشریفین کے تحفظ کیلئے دوسرے مسلم ملکوں کے ساتھ ملکر کردار ادا کرنا چاہیے۔یہ مسئلہ سیاسی یا علاقائی نہیں ہے۔ حرمین الشریفین کا تحفظ ہر مسلمان اپنے ایمان کا حصہ سمجھتا ہے۔ حکومت پاکستان کا سعودی عرب کے چپے چپے کا دفاع کرنے کا بیان خوش آئند ہے۔

ایٹمی قوت رکھنے والے پاکستان کی فوج اور تمامتر وسائل حرمین کے تحفظ کیلئے استعمال ہونے چاہئیں اور دشمنان اسلام کو منہ توڑ جواب دینا چاہیے۔ جماعةالدعوة کے زیر اہتمام چوبرجی چوک میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے امیر جماعةالدعوة پروفیسر حافظ محمد سعید،لاہور ہائی کورٹ بار کے رہنما نعمان یحییٰ ایڈووکیٹ، امیر جماعةالدعوة لاہور مولانا ابو الہاشم، حبیب الرحمن، حافظ مسعود اسلم، میاں محمد مصطفی ،عبدالغفور ڈوگر ودیگر نے خطاب کیا۔

احتجاجی مظاہرین نے ہاتھوں میں کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر سعودی عرب اور حرمین الشریفین کے حق میں تحریریں درج تھیں۔ جماعةالدعوة کے سربراہ حافظ محمد سعید نے کہاکہ یمن میں باغیوں کو صلیبیوں و یہودیوں کی مکمل مددوحمایت حاصل ہے۔وہاں بغاوت کھڑی کرنا سعودی عرب کے گرد گھیرا تنگ کرنے کی خوفناک سازش ہے۔اس خطرہ کو بھانپتے ہوئے اگر سعودی عرب اور دیگر عرب ملکوں نے باغیوں پر حملے شروع کئے ہیں تو امت مسلمہ کو ان سازشوں کے خاتمہ کیلئے ایک ہوجانا چاہیے۔

سعودی عرب کی سرزمین پر بیت اللہ اور مسجد نبویﷺ واقع ہیں۔ اس لئے یہ مسلمانوں کے روحانی مرکز ہونے کے ناطے مسلمانوں کو ہر چیز سے زیادہ عزیز ہے۔ پاکستان سمیت پوری مسلم امہ کو اپنے ملکوں سے زیادہ حرمین الشریفین کی فکرکرنی چاہیے اورسب اختلافات ختم کر کے کلمہ طیبہ کی بنیادپر متحدہوکرسعودی عرب کے دفاع کے لئے کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ ہم سعودی عرب کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت برداشت کرنے کو تیار نہیں ہیں۔

سعودی عرب کے حوالہ سے مخالفانہ بیان بازی کرنے والوں کواس مسئلہ کی حساسیت کو سمجھنا چاہئے ۔صر ف ذاتی مفادات اور اندرونی جھگڑوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اختلافات کا کوئی جواز نہیں ہے۔ملک بھر کی سیاسی و مذہبی جماعتوں اور عوام کو چاہئے کہ وہ متحد ہو کر حرمین کے دفاع کے لئے آواز بلند کریں۔ جماعة الدعوة تحفظ حرمین شریفین کے لئے پاکستان میں تحریک کھڑی کرے گی اور رائے عامہ ہموار کرے گی ۔

حرمین الشریفین کے خلاف سازشیں مسلمانوں کے دل پر ہاتھ ڈالنے والی بات ہے۔ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کے دفاع کیلئے کردار اد اکیا ہے۔آج اگر برادر اسلامی ملک خطرے میں ہے تو پاکستان جسے اللہ نے ایٹمی قوت سے نواز رکھا ہے تمام وسائل استعمال رکھتے ہوئے دشمن کی سازشیں ناکام بنانی چاہئیں۔حافظ محمد سعید نے کہاکہ پاکستانی حکومت اور عسکری قیادت کی جانب سے سعودی عرب کے دفاع کیلئے بھرپور کردار اد اکرنے کا اعلان بہت خوش آئند ہے لیکن دکھ اس بات کا ہے کہ پاکستان کے اندر بعض جماعتیں مخالفانہ بیان بازی کر رہی ہیں جس سے اتحادویکجہتی کاماحول متاثر ہورہا ہے۔

حرمین الشریفین کے تحفظ کے مسئلہ پر ہمیں ہر قسم کے ذاتی و سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر سوچنا چاہیے ۔یہ ہمارے ایمان اور عقیدے کا مسئلہ ہے۔انہوں نے کہاکہ افسوسناک امر یہ ہے کہ اپوزیشن پارٹیوں کی جانب سے مایوس کن رویہ دیکھنے میں آرہا ہے۔یہ مسئلہ بہت اہمیت کا حامل ہے۔امریکہ بظاہر سعودی عرب کے حق میں بیانات دے رہا ہے مگر یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ یمن میں باغیوں کو اسلحہ و امداد امریکہ اوریہودیوں کی طرف سے دی جارہی ہے۔

آجکل جنگوں کا انداز بدل چکا ہے۔ صلیبی و یہودی مسلم ملکوں میں پراکسی وار لڑ رہے ہیں۔مسلم ملکوں میں افراتفری و انتشار پیدا اور بغاوت کی تحریکیں کھڑی کی جاتی ہیں۔ اس وقت یمن اس کی زندہ مثال ہے۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ ہم اس وقت تک صحیح مسلمان نہیں ہو سکتے جب تک حرمین الشریفین ہمیں اپنی جان و مال سے زیادہ عزیز نہ ہو۔میدانوں میں مار کھانے کے بعد جس طرح پاکستان میں تخریب کاری و دہشت گردی کو پروان چڑھایا گیا اسی طرح سعودی عرب بھی اللہ کے دشمنوں کو بہت کھٹکتا ہے۔

سازش کے طور پر ایک طرف عراق سعودی عرب کی سرحد پر بڑ افتنہ کھڑا کیا گیا‘ داعش کے نام سے عراق اور شام میں فتنے پروان چڑھائے گئے تو دوسری جانب یمن میں حوثیوں کی پشت پناہی کر کے مسلمانوں کے مقدسات کو نقصانات سے دوچار کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔احتجاجی مظاہرہ سے لاہوہائیکورٹ بار کے رہنما نعمان یحییٰ ایڈوکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین کے تحفظ کے لئے وکلاء بھی جانیں قربان کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔

ایپکا پنجاب کے وائس چیئرمین میاں مصطفیٰ نے کہا کہ حرمین شریفین کے دفاع کے لئے ملازمین ہراول دستے کا کردار ادا کریں گے۔جماعة الدعوة لاہور کے امیر مولانا ابوالہاشم، سردار عبدالغفورڈوگر ،حافظ مسعودالرحمان جانباز،حبیب الرحمان و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ جماعةالدعوة کے زیر اہتمام آئی ایٹ مرکز اسلام آباد میں بھی سعودی عرب کی حمایت میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں تمام مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

احتجاجی مظاہرہ سے جماعةالدعوة سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، کرنل (ر) نذیر احمد، شفیق الرحمن و دیگر نے خطاب کیا اور کہا ہے کہ حرمین کے ساتھ کل بھی ایمان اور اسلام کا رشتہ تھا‘آج بھی قائم ہے اوران شاء اللہ کل بھی رہے گا۔حکومت پاکستان نے قوم کی امنگوں کے مطابق سعودی عرب کی مددوحمایت کا بہترین فیصلہ کیاہے ہم اس کی تائید کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عرب ممالک کے اتحاد کے سربراہ شاہ سلمان کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان کا بچہ بچہ حرمین الشریفین کے تحفظ کے لئے تیار ہے۔ دریں اثناء ملک بھر میں علماء کرام نے خطبات جمعہ میں سعودی عرب کے خلاف سازشوں کو موضوع بنایا اور حکومت پاکستان کے سعودی عرب کے دفاع کیلئے کردار ادا کرنے کے فیصلہ کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔