نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے ایم ڈی کا ملتان آفس کا دورہ، نامور شخصیات سے ملاقات

جمعہ 27 مارچ 2015 17:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مارچ۔2015ء) نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے گزشتہ روز ملتان آفس کا دورہ کیا اور بُک شاپ (آؤٹ لیٹ) کے معیار کو مزید بہتر کرنے ، عوامی رابطوں کو تیز تر کرنے اور عملے کو اورزیادہ فعال بنانے کے سلسلے میں اسسٹنٹ ڈائریکٹرملتان غلام مرتضیٰ کو ہدایات دیں۔ انہوں نے ملتان آفس میں ڈسپلے کی گئی کتب کی ترتیب ِنو ، آفس کی مجموعی تزئین اور بالخصوص کتب کی سیل اور مارکیٹنگ کے سلسلے میں سٹاف کو بریفنگ دی ۔

اس دورے کے دوران ایم ڈی سے جن نامور رائٹرز، دانشوروں ،صحافیوں، پبلشرز اور دیگر اہم لوگوں نے ملاقات کی ان میں ڈی سی او ملتان زاہد سلیم گوندل اور ملتان آرٹس کونسل کے ریذیڈنٹ ڈائریکٹرسلیم قیصر کے علاوہ پروفیسرڈاکٹرمحمد امین، ڈاکٹر اسلم انصاری ، پروفیسر انور جمال، پروفیسر حسین سحر، خالد مسعود خان، رضی الدین رضی،شاکر حسین شاکر ، عبدالجبار اور دیگر شامل تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں ان دانشوروں سے این بی ایف کی کتب بینی مہم کے سلسلے میں مفید مشاورت کی گئی۔ ڈاکٹرانعام الحق جاوید نے بتایا کہ اس سال اسلام آباد میں 22اپریل سے شروع ہونے والے پانچ روزہ چھٹے قومی کتاب میلے کے متوازی ملک میں موجود این بی ایف کی تمام آؤٹ لیٹس کے زیراہتمام بھی بُک میلے منعقد کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے عملے کو ضروری ہدایات دیں اور ریجن کی اہم شخصیات اور میلے کے حوالے سے متعلقہ دیگر دفاتر اور شعبوں سے مسلسل رابطہ کاری کر کے رپورٹ ہیڈ آفس اسلام آباد بھجوانے کا کہا ۔

واضح رہے ایم ڈی این بی ایف کا یہ دورہ اُس سلسلے کی کڑی تھا جس کے تحت این بی ایف کی مطبوعات کو جدید میکنزم میں لا کر کتب کی فروخت میں اضافہ کرنے اور مارکیٹنگ کے شعبے کو مزید مستعد بنانے پر تیزی سے کام جاری ہے ۔

متعلقہ عنوان :